Saturday , November 18 2017
Home / شہر کی خبریں / وزیر آئی ٹی تلنگانہ کے ٹی آر کا دورہ ماریشس و لندن

وزیر آئی ٹی تلنگانہ کے ٹی آر کا دورہ ماریشس و لندن

13 اپریل سے آغاز ، اعلیٰ سطحی وفد بھی شامل ، کمپنیوں کو سرمایہ کاری کے لیے ترغیب کی کوشش
حیدرآباد۔/8اپریل، ( سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ اعلیٰ سطحی ٹیم کے ساتھ 13 اپریل سے ماریشس اور لندن کے دورہ پر روانہ ہورہے ہیں۔ تلنگانہ میں انفارمیشن ٹکنالوجی کے شعبہ میں سرمایہ کاری اور مختلف بین الاقوامی کمپنیوں کو اپنے ادارے قائم کرنے کی ترغیب دی جائے گی۔ ماریشس اور لندن کے مختلف اداروں نے کے ٹی راما راؤ کو دورہ کی دعوت دی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کے ٹی آر اعلیٰ سطحی وفد کے ساتھ ماریشس میں دو روزہ آیوش کنونشن میں شرکت کریں گے۔ توقع ہے کہ وہ حکومت ماریشس کے ساتھ ہندوستانی طریقہ علاج جیسے آیورویدا، ہومیو، نیچر پیتھی اور یونانی علاج کے فروغ کے سلسلہ میں معاہدہ پر دستخط کریں گے۔ تلنگانہ حکومت ماریشس کے کالجس میں آیوش کے کورسیس اور ہاسپٹل میں ان شعبوں کے قیام میں تعاون کرے گی۔ ماریشس کی حکومت نے ان روایتی طریقہ علاج کو ملک میں عام کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ عوام کو کم خرچ پر بہتر علاج کی سہولت حاصل ہو۔ کے ٹی آر ماریشس کے بعد 18اپریل کو لندن پہنچیں گے جہاں کئی نامور صنعتوں کے نمائندوں سے ملاقات کریں گے اور تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے مواقع  اور حکومت کی جانب سے صنعتوں کو دی جارہی سہولتوں سے واقف کرائیں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ حکومت کی نئی صنعتی اور انفارمیشن ٹکنالوجی پالیسی سے صنعت کاروں کو واقف کرائیں گے جس میں کئی ایک مراعات کا اعلان کیا گیا ہے۔ حیدرآباد میں سرمایہ کاری کیلئے حکومت نے کئی رعایتوں کا پیشکش کیا ہے۔ کے ٹی آر صنعتکاروں کے اجلاس میں حیدرآباد کو انفارمیشن ٹکنالوجی، انڈسٹریز، فارما سیوٹیکلس اور دیگر اہم شعبہ جات میں سرمایہ کاری کے موزوں مقام کی حیثیت سے پیش کریں گے۔ کے ٹی آر کا یہ دورہ 13تا18اپریل جاری رہے گا۔ ان کے ہمراہ انفارمیشن ٹکنالوجی اور انڈسٹریز ڈپارٹمنٹ کے اعلیٰ عہدیدار شریک رہیں گے۔

TOPPOPULARRECENT