Sunday , November 19 2017
Home / شہر کی خبریں / وزیر آئی ٹی تلنگانہ کے ٹی راما راؤ کا دورہ ماریشس و برطانیہ

وزیر آئی ٹی تلنگانہ کے ٹی راما راؤ کا دورہ ماریشس و برطانیہ

آئی ٹی شعبہ میں سرمایہ کاری و بین الاقوامی اداروں کے قیام کی مساعی ، 4 اپریل کو آئی ٹی پالیسی کا اعلان
حیدرآباد۔/25مارچ، ( سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ آئندہ ماہ ماریشس اور برطانیہ کا دورہ کریں گے۔ تلنگانہ میں انفارمیشن ٹکنالوجی کے شعبہ میں سرمایہ کاری اور بین الاقوامی اداروں کے قیام کو یقینی بنانے کیلئے اعلیٰ سطحی وفد کے ساتھ کے ٹی آر کا یہ دورہ طئے کیا گیا ہے۔ حالیہ عرصہ میں انفارمیشن ٹکنالوجی کے شعبہ میں تلنگانہ نے کئی بین الاقوامی کمپنیوں کی توجہ مرکوز کی ہے اور حیدرآباد میں آئی ٹی ہب کے قیام کے بعد مختلف نامور اداروں نے اپنے مراکز قائم کئے۔ بتایا جاتا ہے کہ ماریشس اور برطانیہ کے مختلف آئی ٹی کمپنیوں نے تلنگانہ کی ترقی کو دیکھتے ہوئے کے ٹی آر کو دورہ کی دعوت دی ہے۔ 13اپریل سے کے ٹی آر ماریشس کے دورہ کا آغاز کریں گے۔ 18اپریل کو برطانیہ کے دورہ کا آغاز ہوگا۔ انفارمیشن ٹکنالوجی سے تعلق رکھنے والے اداروں اور سرکاری محکمہ کے اعلیٰ عہدیدار وفد میں شامل ہوں گے۔ کے ٹی آر 13 اور 14اپریل کو مارشیس کا دو دن کا دورہ کریں گے اور وہاں منعقد ہونے والی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ ماریشس کی حکومت نے ہندوستانی سسٹم آف میڈیسن کو متعارف کرنے کیلئے تلنگانہ حکومت کے تعاون کی خواہش کی ہے جس کے لئے آیوش کانفرنس کا انعقاد عمل میں آرہا ہے اور ماریشس میں اس کے مراکز کے علاوہ آیوریدا، ہومیو، نیچروپیتھی اور یونانی جیسے ہندوستانی طریقہ علاج کے مراکز قائم کرنے کا منصوبہ ہے۔ اس دورہ میں ماریشس حکومت کے ساتھ بعض معاہدوں پر دستخط کئے جائیں گے۔ کے ٹی آر ماریشس میں انفارمیشن ٹکنالوجی کے ماہرین سے مذاکرات کریں گے۔ بعد میں وہ چار روزہ دورہ پر برطانیہ کیلئے روانہ ہوں گے۔ انفارمیشن ٹکنالوجی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کیلئے مختلف اداروں کو مدعو کیا جائے گا۔ اس سلسلہ میں کے ٹی آر اور چیف سکریٹری راجیو شرما نے مختلف کمپنیوں کو مکتوب روانہ کئے ہیں۔ اس دورہ کیلئے مرکزی حکومت کی اجازت کے سلسلہ میں وزارت خارجہ کو مکتوب روانہ کیا گیا ہے۔ توقع ہے کہ مرکزی حکومت اندرون دویوم دورہ کی اجازت دے گی۔ واضح رہے کہ تلنگانہ حکومت 4 اپریل کو انفارمیشن ٹکنالوجی کی پالیسی کا اعلان کرے گی۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ تلنگانہ کی نئی آئی ٹی پالیسی کو جاری کریں گے۔ اس تقریب میں آئی ٹی شعبہ کی کئی نامور شخصیتوں کی شرکت کی توقع ہے۔ حکومت کو توقع ہے کہ نئی آئی ٹی پالیسی سے تلنگانہ میں مزید آئی ٹی اداروں کے قیام میں مدد ملے گی۔

TOPPOPULARRECENT