وزیر آئی ٹی تلنگانہ کے کانگریس پر ریمارک کی ٹی آر ایس ارکان مقننہ کی تائید

حکومت کی مقبولیت سے کانگریس بوکھلاہٹ کا شکار، کے پربھاکر، ایس راجو اور بی گنیش کی پریس کانفرنس

حیدرآباد۔/10فروری، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس ارکان مقننہ نے کانگریس پارٹی کے بارے میں وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ کے ریمارک کی تائید کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی مقبولیت سے کانگریس بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکی ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کے پربھاکر، ایس راجو اور بی گنیش نے کہا کہ عوام کی نظر میں کانگریس پارٹی لوفر، بروکر اور جوکروں کی پارٹی ہے۔ کے ٹی راما راؤ نے جو ریمارک کئے وہ ان کی شخصی رائے نہیں بلکہ عوامی رائے ہے۔ انہوں نے کہا کہ 10سالہ دور اقتدار میں کانگریس نے ریاست کو تباہ کردیا۔ تلنگانہ کی ترقی کو نظرانداز کرتے ہوئے قائدین نے اپنے مفادات کی تکمیل کی۔ ارکان مقننہ نے کہا کہ کانگریس دور حکومت میں کسی بھی شعبہ کی ترقی نہیں ہوئی بلکہ کانگریس قائدین کی ترقی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ تین برسوں میں ٹی آر ایس حکومت نے ترقی اور فلاحی اقدامات میں ریاست کو ملک میں سرفہرست بنادیا ہے۔ حکومت کی مقبولیت اور ترقیاتی سرگرمیوں سے بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر کانگریس قائدین چیف منسٹر اور ان کے افراد خاندان پر الزام تراشی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ عوام کی تائید سے کے سی آر باہوبلی کی طرح ہیں اور انہیں کوئی اپوزیشن جماعت نقصان نہیں پہنچا سکتی۔ ارکان مقننہ نے کہا کہ حکومت پر الزام تراشی کے ذریعہ عوامی تائید حاصل نہیں کی جاسکتی۔ عوام نے کانگریس اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کو مسترد کردیا ہے اور کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں کانگریس کا صفایا ہوجائیگا۔ کانگریس کے برسراقتدار آنے کے دعوؤں کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے ارکان مقننہ نے کہا کہ ٹی آر ایس کو چیلنج کرنے سے قبل کانگریس قائدین کو اپنا محاسبہ کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمات کے سبب 100 سے زائد نشستوں پر ٹی آر ایس کی کامیابی یقینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی سرگرمیوں میں کانگریس پارٹی رکاوٹ پیدا کرنا چاہتی ہے جبکہ عوام حکومت کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر روکنے کیلئے عدالتوں میں مقدمات دائر کئے گئے۔ کے پربھاکر نے کانگریس پارٹی کو بدعنوانیوں میں ملوث افراد کا ٹولہ قرار دیا اور کہا کہ آج بھی کانگریس قائدین مقدمات کا سامنا کررہے ہیں اور عدالتوں کے چکر کاٹ رہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT