Thursday , February 22 2018
Home / دنیا / وزیر اعظم اسرائیل کا جنوری میںدورہ ہند

وزیر اعظم اسرائیل کا جنوری میںدورہ ہند

مودی ‘ نتن یاہو کا 14 جنوری کو احمدآباد میں استقبال کرینگے
یروشلم 23 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) اسرائیل کے وزیر اعظم بنجامن نتن یاہو آئندہ سال جنوری میں ہندوستان کا چار روزہ دورہ کرینگے تاکہ ملک کی اعلی قیادت سے ملاقات کرسکیں۔ واضح رہے کہ وزیراعظم نریندر مودی نے چھ ماہ قبل ہی یہودی مملکت کا اپنا اولین دورہ کیا تھا ۔ باخبر ذرائع نے یہ بات بتائی ۔ نتن یاہو 14 جنوری کو ہندوستان پہونچیں گے اور وزیر اعظم مودی احمد آباد میں ان کا استقبال کرینگے ۔ ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ دونوںملکوں کے مابین 1992 میں سفارتی تعلقات کے احیاء کے بعد یہ کسی اسرائیلی وزیر اعظم کا دوسرا دورہ ہند ہوگا ۔ یہ کسی اسرائیلی وزیر اعظم کا پندرہ سال بعد پہلا دورہ ہند ہوگا ۔ اس سے قبل 2003 میں اس وقت کے وزیر اعظم ارئیل شیرون نے ہندوستان کا دورہ کیا تھا ۔ واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں بیرونی مہمانوں کا گجرات میں استقبال کیا جا رہا ہے ۔ مودی اس سے قبل چین کے صدر ژی جن پنگ اور جاپان کے وزیر اعظم شینزو ابے کا بھی اپنی آبائی ریاست میں استقبال کرچکے ہیں۔ نتن یاہو 14 جنوری کو احمد آباد پہونچنے کے بعد 15 اور 16 جنوری کو دہلی میں سرکاری بات چیت میں حصہ لیں گے اور کئی پروگرامس میں شرکت کرینگے ۔ باخبر ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم اسرائیل کے دورہ کے تفصیلی پروگرام کو قطعیت دی جار ہی ہے لیکن اس دورہ میں ہندوستان کی اعلی قیادت سے ملاقاتیں بھی شامل رہیں گی ۔ نتن یاہو 17 جنوری کو ممبئی بھی جائیں گے جہاں وہ 2008 کے دہشت گردانہ حملوں میں نشانہ بننے والے مقام یہودی چباڈ ہاوز کا دورہ بھی کرینگے ۔ وہ 18 جنوری کو اسرائیل واپس ہوجائیں گے ۔ قیاس کیا جا رہا ہے کہ وہ کچھ دیر کیلئے آگرہ میں بھی توقف کرینگے ۔ نتن یاہو نے گذشتہ مہینے اسرائیلی پارلیمنٹ میں بھی دورہ ہند کی اطلاع دی تھی ۔

TOPPOPULARRECENT