Thursday , October 18 2018
Home / Top Stories / وزیر اعظم مودی آج حیدرآباد میٹرو ریل کا افتتاح کرینگے

وزیر اعظم مودی آج حیدرآباد میٹرو ریل کا افتتاح کرینگے

وزیر آئی ٹی ‘کے ٹی آر نے انتظامات کا جائزہ لیا

میاں پور تا کوکٹ پلی اور کوکٹ پلی تا میاں پور چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کے ساتھ سفر
حیدرآباد 27 نومبر ( سیاست نیوز ) وزیر اعظم نریندر مودی کل حیدرآباد میٹرو ریل کا افتتاح انجام دینگے ۔ میٹرو ریل کا 30 کیلو میٹر طویل پراجیکٹ میاں پور سے ناگول کے درمیان ہے جس میں 24 اسٹیشن ہونگے ۔ اس کا افتتاح 2.15 بجے دن میاں پور اسٹیشن پر وزیر اعظم نریندر مودی انجام دینگے ۔ اس کی تجارتی سرگرمیاں ( عوامی حمل و نقل ) دوسرے دن 29 نومبر سے شروع ہونگی ۔ اس کے افتتاحی سفر میں وزیر اعظم کے علاوہ چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ اور دوسرے میاں پور سے کوکٹ پلی تک اور پھر کوکٹ پلی سے میاں پور تک سفر کرینگے ۔ یہ ٹرینیں صبح 6 بجے سے رات 10 بجے تک چلائی جائیں گی اور پھر بعد میں اس کے اوقات صبح 5.30 سے رات 11 بجے تک کردئے جائیں گے جو ٹریفک اور عوامی طلب کو دیکھتے ہوئے کیا جائیگا ۔ وزیر آئی ٹی کے ٹی راما راؤ نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے ادعا کیا کہ حیدرآباد میٹرو ریل انتہائی اختراعی اور دنیا میں اس طرح کا سب سے طویل پراجیکٹ ہے جو عوامی خانگی شراکت سے تیار کیا جا رہا ہے ۔ اس پراجیکٹ کیلئے ایل اینڈ ٹی میٹرو ریل ( حیدرآباد ) لمیٹیڈ نے اقل ترین کرایہ 10 روپئے ( دو کیلو میٹر تک ) اور اعظم ترین کرایہ 60 روپئے ( 26 کیلومیٹر سے زیادہ کیلئے ) طئے کیا ہے ۔ ابتداء میں ہر ٹرین میں تین کوچس ہونگے ۔ عوام کے رد عمل کو دیکھتے ہوئے کوچس کی تعداد میں اضافہ بھی کیا جاسکتا ہے ۔ یہ تعداد زیادہ سے زیادہ 6 کی جاسکتی ہے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ میٹرو ریل کے آغاز کے ساتھ ہی حیدرآباد کی ترقی اور معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہونے کے ساتھ عوام کو نیا ٹرانسپورٹ نظام دستیاب ہوگا ۔ کے ٹی آر نے آج میاں پور ڈپو اور اسٹیشن کے قریب افتتاحی تقریب کے انتظامات کا جائزہ لیا ۔ بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھی شہریوں کی طرح میٹرو ریل شہر میں دوڑنے کا بڑی بے چینی سے انتظار کررہے ہیں ۔ کے ٹی آر نے بتایا کہ وزیر اعظم دوپہر 1:10 بجے بیگم پیٹ پہنچیں گے ۔ 1:45 بجے ہیلی کاپٹر کے ذریعہ میاں پور میٹرو ڈپو پہنچیں گے ‘ وہاں وزیراعظم پہلے میٹرو پائیلان کا رسم اجرا انجام دیں گے ۔ میٹرو اسٹیشن میں آڈیو ‘ ویڈیو پریزنٹیشن کا جائزہ لیں گے ۔ وزیر بلدی نظم و نسق نے کہا کہ اسپیشل پروٹیکشن گروپ کی ہدایت پر وزیراعظم مودی کی سیکورٹی کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو ٹرین کی افتتاحی تقریب کیلئے میڈیا کو مدعو نہیں کیا جارہا ہے ۔ وزیراعظم کے خطاب کی کوئی اطلاعات نہیں ہے ۔ میٹرو ریل کا پراجکٹ مکمل ہونے پر روزآنہ 15 تا 17لاکھ عوام میٹرو ریل سے سفر کریں گے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ میٹرو ریل حیدرآباد کی انقلابی ترقی میں ایک نیا سنگ میل ثابت ہوگی اور گریٹر حیدرآباد کی مالیاتی سرگرمیوں میں زبردست اضافہ ہوجائیگا ‘ انہیں یقین ہے کہ میٹرو ریل حیدرآباد میں بیحد کامیاب ہوگی ۔ کانگریس کی جانب سے اس کے کارنامے کو ٹی آر ایس کی جانب سے اعزاز حاصل کرنے کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس میں کریڈٹ اور ڈیبٹ کی گنجائش نہیں ہے ۔ وہ اپوزیشن کی طرح سستی شہرت کیلئے سیاست کا ارادہ نہیں رکھتے ۔ میٹرو ریل پراجکٹ کا حصہ بننے والوں کو جلد تہنیت پیش کی جائے گی ۔

TOPPOPULARRECENT