Thursday , September 20 2018
Home / شہر کی خبریں / وزیر اعظم مودی کی ایما پر کے سی آر کا تیسرے محاذ کیلئے تماشہ ‘ اتم کمار ریڈی

وزیر اعظم مودی کی ایما پر کے سی آر کا تیسرے محاذ کیلئے تماشہ ‘ اتم کمار ریڈی

حکومت کی ناکامیوں اور خاندانی جھگڑوں سے توجہ ہٹانا بھی مقصد ۔ صدر پردیش کانگریس کی دہلی میں پریس کانفرنس

حیدرآباد۔19 مارچ ( سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اُتم کمار ریڈی نے چیف منسٹر کے سی آر پر وزیراعظم نریندر مودی کا آلہ کار بن کر تیسرے محاذ کا تماشہ کرنے کا الزام عائد کیا ۔ کمیشن کی حوصلہ افزائی کرنے والے ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر سے فوری مستعفی ہوجانے کا مطالبہ کیا ۔ دہلی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اُتم کمار ریڈی نے کہا کہ بی جے پی کی زیر قیادت این ڈی اے حکومت کی الٹی گنتی شروع ہوگئی ۔ چیف منسٹر کے سی آر وزیراعظم مودی کے آلہ کار بن کر تیسرے محاذ کی شکل میں فرقہ پرست بی جے پی کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کررہے ہیں مگر مودی اور کے سی آر کی یہ سازش کبھی کامیاب نہیں ہوگی ۔ تلنگانہ میں ٹی آر ایس عوامی اعتماد سے محروم ہوگئی ہے ‘ تیسرے محاذ کا خواب دیکھنے والی ٹی آر ایس کا ایک بھی رکن پارلیمنٹ میں کامیاب نہیں ہوگا ۔ حکومت کی ناکامیوں اور خاندان کے آپسی جھگڑوں سے عوامی توجہ ہٹانے کیلئے کے سی آر پر تھرڈ فرنٹ کا شوشہ چھوڑنے کا الزام عائد کیا ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ ریاست میں سماج کا کوئی بھی طبقہ حکومت کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہے ۔ چار سال تک صرف وعدے دہراتے ہوئے عوام کو ہتھیلی میں جنت دکھائی گئی ۔ سنہرے تلنگانہ کا خواب دکھاکر چیف منسٹر نے اپنے ارکان خاندان کو فائدہ پہنچایا جس سے عوام میں ٹی آر ایس کیلئے ناراضگی پیدا ہوگئی ہے ۔ مسائل اور ناکامیوں سے عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے آج کے سی آر نے مغربی بنگال پہنچ کر چیف منسٹر ممتا بنرجی سے ملاقات کی ہے ۔ اس سلسلہ میں جو ڈرامہ کیا جارہا ہے اس سے عوام اچھی طرح واقف ہیں ۔ اسکی انتخابات میں ٹی آر ایس کو قیمت چکانی پڑے گی ۔ کانگریس پارٹی کو اسمبلی اور کونسل میں عوامی مسائل اٹھانے سے روکنے کیلئے بجٹ سیشن تک ایوانوں سے معطل کردینے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ان حربوں سے کانگریس پارٹی ڈرنے گھبرانے والی نہیں ہے بلکہ مزید ثابت قدمی سے عوام کے درمیان پہنچے گی ۔ اُتم کمار ریڈی نے پارٹی کیڈر کو کمیشن وصول کرنے کی حوصلہ افزائی کرنے والے ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر کو فوری اخلاقی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے وزارت سے مستعفی ہوجانے ۔ انہوں نے کے ٹی آر سے عوام سے معذرت خواہی کرنے کا مطالبہ کیا ۔ بدعنوانیوں کے معاملہ میں دوہرا معیار اپنانے کا کے سی آر پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ بدعنوانیوں کے الزام میں دلت ڈپٹی چیف منسٹر راجیا کو وزارت سے برطرف کرنے والے چیف منسٹر اپنے فرزند کے ٹی آر کی بدعنوانیوں کو نظر انداز کررہے ہیں ۔ سرسلہ کی میونسپل چیرپرسن ساملا پاروتی نے کے ٹی آر کی حوصلہ افزائی سے ساری ریاست میں کمیشن وصول کرنے کا اعتراف کیا ہے ۔ اخلاقی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے مستعفی ہوجانے کے بجائے کے ٹی آر نے میونسپل چیرپرسن سے استعفی طلب کرلیا ۔ اُتم کمار ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے رشوت طلب کرنے والوں کو چپل سے مارنے کی عوام کو ہدایت دی تھی ‘ اب ان کے فرزند کے ساتھ کیا سلوک کرنا چاہیئے ۔ چیف منسٹر وہ بھی عوام کو بتادیں یا خود اپنے فرزند کو وزار ت سے برطرف کردیں ۔

TOPPOPULARRECENT