Friday , April 20 2018
Home / سیاسیات / وزیر اعظم مودی کی قیادت میں بی جے پی کا ملک گیر اُپواس

وزیر اعظم مودی کی قیادت میں بی جے پی کا ملک گیر اُپواس

نئی دہلی 12اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سرکردہ بی جے پی قائدین بشمول وزیراعظم نریندر مودی ان کے وزارتی رفقاء ، پارٹی ایم پیز اور عہدیداروں نے آج اُپواس منایا جو پارلیمنٹ کے بجٹ سیشن کے دوسرے مرحلے کو پوری طرح شوروغل کی نذر کردینے کے خلاف احتجاجی اقدام ہے ۔ اس کے لئے بی جے پی نے کانگریس کو موردِ الزام ٹھہرایا ہے ۔ مودی اور وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کے بشمول کئی قائدین نے اُپواس رکھتے ہوئے اپنا سرکاری کام کاج بھی سنبھالا جبکہ کئی وزراء بشمول پرکاش جاوڈیکر ، مختار عباس نقوی نے ملک کے مختلف حصوں کا سفر کرتے ہوئے وہاں ایک روزہ بھوک ہڑتال کی اور اصل اپوزیشن پارٹی کو ہدف تنقید بنایا ۔ بی جے پی کے ارکان لوک سبھا نے زیادہ تر اپنے اپنے انتخابی حلقوں میں احتجاجی اُپواس رکھا جبکہ راجیہ سبھا کے زیادہ تر ارکان اپنی ریاستوں میں رہتے ہوئے پارٹی کے احتجاج میں حصہ لیا۔ قبل ازیں مودی نے پارٹی قائدین کے ساتھ اپنے رابطے میں ان سے کہا کہ اپوزیشن پارٹیوں کو بے نقاب کریں جو جمہوریت کا گلا گھونٹ رہی ہے ۔
پارلیمنٹ میں بجٹ سیشن کی کارروائی میں تعطل پیدا کرنے کے کانگریس اور دیگر پارٹیوں کے رویہ کے خلاف احتجاج درج کراتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی آج ملک بھر میں ‘جمہوریت بچاؤ’ اُپواس کی قیادت کر رہے ہیں۔ صبح 10 بجے سے شروع ہونے والا یہ اُپواس شام پانچ بجے تک چلے گا۔بی جے پی کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق ’’کانگریس کے غیر جمہوری طرز عمل ، تقسیم کی سیاست کی روایت اور ترقی مخالف ایجنڈے کو اجاگر کرنے کے لئے مودی نے آج ایک دن کا اپواس رکھا۔

TOPPOPULARRECENT