Sunday , November 19 2017
Home / Top Stories / وزیر اعظم نریندر مودی سے چندرا بابو نائیڈو کی ملاقات

وزیر اعظم نریندر مودی سے چندرا بابو نائیڈو کی ملاقات

خشک سالی مسئلہ اور آندھرا پردیش کو خصوصی موقف پر تبادلہ خیال
نئی دہلی ۔ 17 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : وزیر اعظم نریندر مودی سے دہلی میں آندھراپردیش کے چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو نے ملاقات کی ۔ اس ملاقات کا اہم ایجنڈہ خشک سالی تھا۔ اے پی کیلئے خصوصی درجہ دینے کے مسئلہ پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ساتھ ہی چندرابابو نے خشک سالی پر وزیر اعظم کو پاور پوائنٹ پریزنٹیشن پیش کیا اور 12مسائل پر انہیں میمورینڈم بھی حوالہ کیا ۔اس میمورنڈم میں ریاست آندھراپردیش میں خشک سالی کی صورتحال کی صورتحال کا احاطہ بھی کیا گیا ہے ۔ انہوں نے خشک سالی سے نمٹنے کیلئے مرکز سے امداد دینے کی بھی خواہش کی۔اس ملاقات کے دوران ریاستی حکومت کی جانب سے شروع کردہ نیر و چیٹو(پانی درخت)پروگرام کے ساتھ ساتھ پولاورم پروجیکٹ کی تکمیل کے مسئلہ پر بھی بات چیت کی گئی۔وزیراعظم سے ریاستی وزرا اور اعلی افسروں کے ساتھ ہوئی ملاقات کے بعد چندرابابونائیڈو نے ان سے علحدہ طورپر تقریبا 20 منٹ بات چیت کی۔ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں ریاست کے مالی سال 2014-15کے مالی خسارہ کو کم کرنے کے اقدامات،اے پی کے نئے دارالحکومت امراوتی کی تعمیر کے لیے مالی امداد، پولاورم پروجیکٹ کے لیے فنڈز، ریاست کے سیما آندھرااور شمالی آندھرا خطہ کی ترقی کے لیے تعاون،آندھراپردیش تنظیم نو ایکٹ کے شیڈول 9,10,13کے مطابق کارپوریشنس ،مختلف اداروں کی تقسیم،حلقوں کی از سر نو حد بندی،اے پی کے لئے خصوصی پیکیج، تعلیمی اداروں کے لیے مالی امداداور ریاست میں نئے مرکزی اداروں کے قیام کے سلسلہ میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس ملاقات کو اہمیت حاصل ہوگئی ہے کیونکہ حال ہی میں مرکزی حکومت نے پارلیمنٹ میں کہا تھا کہ اے پی کو خصوصی درجہ نہیں دیا جائے گا جس کے بعد ریاست کی حزب اختلاف جماعتوں نے خصوصی درجہ کیلئے تلگودیشم پر دباؤ بنایا ہے ۔ تلگودیشم بی جے پی کی حلیف جماعت ہے ۔ واضح رہے کہ ملک میں خشک سالی کی صورتحال پر متاثرہ ریاستوں کے وزرائے اعلی کے ساتھ وزیراعظم نے حال ہی میں ملاقات کی تھی۔ آج اے پی ، چھتیس گڑھ کے وزرا سے بھی اس مسئلہ پر ان کی ملاقات ہوئی ۔ وزیراعظم سے آج صبح چھتیس گڑھ کے وزیراعلی نے ملاقات کرتے ہوئے ریاست میں خشک سالی کی صورتحال کی تفصیلات سے وزیراعظم کوواقف کروایا۔

TOPPOPULARRECENT