Wednesday , December 19 2018

وزیر اعظم کی طرف سے درگاہ حضرت خواجہ معین الدین چشتی ؒپر چادر کی پیشکشی

اجمیر،19 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے آج حضرت خواجہ معین الدین چشتی ؒکے 806ویں عرس کے موقع پر ان کے مزار پر چادر چڑھائی گئی۔ مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی چادر لے کر درگاہ شریف پہنچے ۔ نقوی نے وزیر اعظم کی طرف سے بھیجی جانے والی چادر اور گلہائے عقیدت پیش کرتے ہوئے ملک اور پوری دنیا میں امن بھائی چارہ اور خوشحالی کے لیے دعا کی اور اسی کے ساتھ ہی درگا شریف کے بلند دروازے پر وزیر اعظم کی طرف سے بھیجا گیا پیغام بھی پڑھ کر سنایا جس میں وزیر اعظم کی طرف سے ہندوستان اور پوری دنیا میں ان کے عقیدتمندوں کو مبارکباد دی گئی اور اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیاگیا۔ وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہندوستان کے بارے میں پوری دنیا میں جو تاثر پایا جاتا ہے اسے الفاظ میں بیان نہیں کیا جاسکتا بلکہ صرف محسوس کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے ہندوستان میں مختلف نظام فکر کی اساس میں امن اتحاد اور خیرسگالی کو جاگزیں قرار دیتے ہوئے کہا کہ تصوف بھی ان میں سے ایک ہے۔ مودی نے اپنے پیغام میں کہا کہ خواجہ غریب نواز صوفیائے کرام کی روحانی روایات کی علامت ہیں۔ ان کا انسانیت کی خدمت کا پیغام آئندہ نسلوں کے لیے ہمیشہ سرچشمئہ ہدایت بنا رہے گا۔ انہوں نے مزید کہاکہ اس عظیم صوفی شخصیت کے عرس کے موقع پر چادر بھیجتے ہوئے مجھے بے حد خوشی ہے میں انہیں خراج عقیدت پیش کرتا ہوں اور خیر سگالی کا ماحول قائم رہنے کی تمنا کرتا ہوں۔

TOPPOPULARRECENT