Friday , September 21 2018
Home / شہر کی خبریں / وزیر آبپاشی ہریش رائو کی دہلی میں مرکزی وزیر نتن گڈکری سے ملاقات

وزیر آبپاشی ہریش رائو کی دہلی میں مرکزی وزیر نتن گڈکری سے ملاقات

آبپاشی پراجیکٹس کے لیے مرکزی امداد اور 10 قومی شاہراہوں کی ترقی کی منظوری حاصل
حیدرآباد۔ 9 جولائی (سیاست نیوز) وزیرآبپاشی ہریش رائو نے آج نئی دہلی میں مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈکری سے ملاقات کی اور تلنگانہ کے آبپاشی پراجیکٹس کے لیے مرکزی امداد کی عاجلانہ اجرائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے تلنگانہ میں 7 قومی شاہراہوں کے تعمیراتی کام کو جاریہ مالیاتی سال کے منصوبے میں شامل کرتے ہوئے ٹینڈرس طلب کرنے کی اپیل کی۔ نتن گڈکری نے جاریہ مالیاتی سال کے پہلے سہ ماہی کے تحت محبوب نگر اور عادل آباد ضلع کے آبپاشی پراجیکٹس کے لیے مرکزی امداد کی اجرائی سے اتفاق کرتے ہوئے عہدیداروں کو ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے قومی شاہراہوں کی تعمیر کا کام جاریہ مالیاتی سال کے منصوبے میں شامل کرتے ہوئے ٹینڈرس طلب کرنے سے اتفاق کیا۔ ہریش رائو کے ہمراہ رکن پارلیمنٹ ونود کمار، ارکان مقننہ آر پربھاکر ریڈی اور چنتاپربھاکر موجود تھے۔ ہریش رائو نے نتن گڈکری کی شال پوشی کی اور گلدستہ پیش کرتے ہوئے تہنیت پیش کی۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہریش رائو نے کہا کہ مرکزی وزیر سے آبپاشی پراجیکٹس اور قومی شاہراہوں کے مسئلہ پر سیر حاصل گفتگو ہوئی ہے اور انہوں ہر ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ہے۔ انہوں نے کالیشورم پراجیکٹ کے لیے مرکز کی جانب سے درکار منظوریوں پر مرکزی وزیر سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ کومرم بھیم، بھیما، نیلوائی، ریالی واگو، متڑی واگو جیسے پراجیکٹس کے لیے مرکزی امداد کی اجرائی زیر التوا ہے۔ محبوب نگر اور عادل آباد میں یہ پراجیکٹس زیر تعمیر ہیں اور پہلے سہ ماہی کے تحت مرکز سے 50 تا 60 کروڑ روپئے تک کی اجرائی باقی ہے۔ یہ رقم فوری جاری کرنے کے لیے مرکزی وزیر سے نمائندگی کی گئی۔ نتن گڈکری نے اس سلسلہ میں عہدیداروں کو ہدایت جاری کی ہے۔ ہریش رائو نے بتایا کہ تلنگانہ کی 7 قومی شاہراہوں کو جاریہ مالیاتی سال کے منصوبے میں شامل کرنے کے لیے نمائندگی کی گئی ان میں سدی پیٹ۔ ایلکاترتی، جنگائوں ۔ دودیڑا ، میدک ۔ یلاریڈی، فقیرآباد ۔ بھینسہ ، سرسلہ ۔ کاماریڈی، ولی گونڈا ۔ تھورور اور نرمل۔خانہ پور شامل ہیں۔ جاریہ مالیاتی سال تعمیری کاموں کے آغاز کے لیے ٹینڈرس طلب کرنے کی خواہش کی گئی۔ مرکزی وزیر نے اس تجویز سے اتفاق کرلیا اور عہدیداروں کو ضروری ہدایات جاری کی ہیں۔ ہریش رائو نے کہا کہ نتن گڈکری سے جن امور پر نمائندگی کی گئی اس میں مثبت نتائج کی امید ہے۔ ہریش رائو نے مرکزی وزیر کو جو مکتوب حوالہ کیا اس میں تلنگانہ کے لیے 3 ہزار کروڑ مالیتی پراجیکٹ کی منظوری پر اظہار تشکر کیا گیا۔ 2017-18 سالانہ منصوبے کے تحت قومی شاہراہوں کی ترقی کے لیے یہ پراجیکٹ منظور کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 3155 کیلومیٹر کے منجملہ تلنگانہ میں 900 کیلومیٹر کا احاطہ کیا گیا تاکہ قومی شاہراہ کو ترقی دی جاسکے۔ ہریش رائو نے بتایا کہ پی ڈبلیو ڈی کی جانب سے صرف مینٹیننس کے کاموں کی انجام دہی کے سبب قومی شاہراہوں کی ترقی پر توجہ نہیں ہوپارہی ہے۔ مرکزی وزارت روڈ ٹرانسپورٹ کو اس سلسلہ میں توجہ دینی چاہئے۔ انہوں نے راجیو بھیما لفٹ ایریگیشن اسکیم کے لیے مرکزی امداد کی اجرائی کے سلسلہ میں مرکزی وزیر کو ایک علیحدہ مکتوب حوالہ کیا جس میں بتایا گیا ہے کہ پراجیکٹ کے لیے مرکز سے 34,274 کروڑ کی امداد درکار ہے۔ سنٹرل واٹر کمیشن کو رقم کی اجرائی کے سلسلہ میں نمائندگی کی جاچکی ہے۔ مرکزی حکومت متعلقہ محکمہ جات کو پراجیکٹ کی مقررہ وقت پر تکمیل کے لیے امداد جاری کرنے کی اپیل کی گئی۔ ہریش رائو نے نتن گڈکری کو ریاست میں درپیش دیگر مسائل کے سلسلہ میں علیحدہ یادداشت حوالے کی ہے۔

TOPPOPULARRECENT