Saturday , December 15 2018

وزیر صحت نے عثمانیہ دواخانہ کے فرش پر پڑے نیم مردہ شخص کو نظرانداز کردیا

سوائن فلو پر قابو پانے کیلئے اقدامات کا جائزہ لینے کے دوران لکشما ریڈی کی پہلی لاپرواہی

سوائن فلو پر قابو پانے کیلئے اقدامات کا جائزہ لینے کے دوران لکشما ریڈی کی پہلی لاپرواہی

حیدرآباد ۔ 8 ؍ فبروری (سیاست نیوز) تلنگانہ کے نئے وزیر صحت لکشما ریڈی نے عثمانیہ دواخانہ کا معائنہ کرنے کے دوران دواخانہ کی فرش پر پڑے نیم مردہ شخص کو یکسر نظرانداز کر دیا ۔ وزیر صحت کی حیثیت سے نامزد وزیر لکشما ریڈی حیدرآباد میں سوائن فلو کی شدید وبا کو روکنے کے لئے عہدیداروں کے ہمراہ عثمانیہ دواخانہ پہونچے تھے ۔ لکشما ریڈی کو نئے قلمدان کا جائزہ لینے کے پہلے ہی دن اس حرکت پر شدید تنقیدوں کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ لکشما ریڈی جب محکمہ صحت سے دیگر عہدیداروں کے ہمراہ دواخانہ عثمانیہ پہونچے تو فرش پر تڑپتے پڑے ہوئے ایک غریب مریض کی جانب کوئی توجہ نہیں دی ۔ انہیں دیگر عہدیدار کے ہمراہ اس شخص کے قریب سے گذرتے ہوئے دیکھا گیا انہوں نے اس مریض کو یکسر نظرانداز کر دیا تھا ۔ وزیر صحت نے عثمانیہ جنرل ہاسپٹل کا دورہ کرنے کے ساتھ شہر حیدرآباد میں سوائن فلو کی وباء پر قابو پانے کے اقدامات پر زور دیا ۔ ڈاکٹر ٹی راجیا کو سوائن فلو کی وبا کے باعث اپنے قلمدان سے ہاتھ دھونا پڑا تھا اب نئے وزیر صحت کو پہلے ہی دن ایک غریب شخص کو یکسر انداز کرنے پر شدید تنقیدوں کا سامنا ہے ۔ وزیر صحت نے اس واقعہ پر تبصرہ سے انکار کردیا ۔ مسٹر لکشماریڈی کو وزارت توانائی سے ہٹا کر وزیر صحت کا قلمداں دیا گیا ہے ۔ ریاست تلنگانہ میں سوائن فلو کی وبا پر قابو پانے میں ناکامی پر شدید تنقیدوں کا سامنا کرنے والی ٹی آر ایس حکومت نے ڈاکٹر ٹی راجیا کو برطرف کر دیا تھا ۔ حیدرآباد میں سوائن فلو سے اب تک 50 سے زائد افراد فوت ہوئے ہیں ۔ نیلوفر ‘ فیور ہاسپٹل اور عثمانیہ جنرل ہاسپٹل کے بشمول شہر میں سرکاری ہاسپٹلوں میں سوائن فلو سے متاثرہ افراد کے علاج کیلئے علحدہ کمرے تیار کئے گئے ہیں جہاں ان کا علاج ہو رہا ہے ۔ لکشما ریڈی نے عثمانیہ دواخانہ میں گندگی کو دیکھ کر عملہ کو صاف صفائی کی ہدایت دی اور عثمانیہ دواخانہ کے موجودہ مردہ خانہ و بیت الخلاء کو عصری بنانے کا وعدہ کیا۔

TOPPOPULARRECENT