Tuesday , June 19 2018
Home / شہر کی خبریں / وشاکھاپٹنم کی تعمیرنو کیلئے جلد جامع منصوبہ

وشاکھاپٹنم کی تعمیرنو کیلئے جلد جامع منصوبہ

ریاستی عوام سے تعاون کرنے چندرا بابو نائیڈو چیف منسٹر اے پی کی اپیل

ریاستی عوام سے تعاون کرنے چندرا بابو نائیڈو چیف منسٹر اے پی کی اپیل

وشاکھاپٹنم ۔ 18 اکٹوبر (پی ٹی آئی) چیف منسٹر آندھراپردیش این چندرا بابو نائیڈو نے ریاستی عوام سے اپیل کی کہ وہ حالیہ طوفان ہدہد سے شدید متاثرہ وشاکھاپٹنم کی تعمیرنو میں اپنا حصہ ادا کریں اور عطیہ دیں تاکہ وہ پھر پچھلے شاندار مقام پر واپس آ سکے۔ چندرا بابو نائیڈو یہاں میڈیا نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زرعی یونیورسٹیز کے ماہرین کے تعاون سے ایک جامع منصوبہ تیار کیا جارہا ہے۔ وشاکھاپٹنم کی تعمیر نو میں ہر کوئی رضاکارانہ خدمات فراہم کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ بھی شہر کی تعمیر میں حکومت کے اقدامات میں اپنا تعاون کریں گے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ کارپوریٹس کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے ان ماہی گیروں کے 10 ہزار خاندانوں کیلئے ایک ماہی گیر کالونی تیار کرنے کی خواہش کی گئی ہے۔ انہوں نے طوفان سے آئے ملبہ کی صفائی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بہت جلد ماہی گیروں کیلئے کالونی کی اراضی کی نشاندہی کرے گی۔ انہوں نے بلدیہ کی جانب سے کچرے کو سڑکوں کی جانب جمع کرنے پر اظہارناراضگی کیا اور مناسب مقامات پر کچرے کی نکاسی کی ہدایت دی۔ چیف منسٹر اے پی نے کہا کہ طوفان کے سبب اشیائے ضروریہ کے حمل و نقل میں دشواری درپیش تھی تاہم راشن شاپس کو اشیائے ضروریہ کی منتقلی بحال ہوچکی ہے۔ چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے اعلان کیا کہ وشاکھاپٹنم کی تعمیرنو کے سلسلہ میں ایک ویب سائیٹ کو جلد روشناس کیا جائے گا۔ اس سے تمام شہریوں کو اس تعلق سے تمام تر تفصیلات مہیا ہوسکیں گی۔ چندرا بابو نائیڈو جو پڈیرو اور ارکو علاقوں کے دورہ پر تھے، کہا کہ قبائیلی طبقات کا اہم ذریعہ معاش کافی کی کاشت کیلئے 5 لاکھ ایکڑ اراضی کو ہموار کیا جائے گا۔ انہوں نے ریاستی عوام سے اپیل کی کہ وہ دیوالی تہوار سادگی سے منائیں اور پٹاخہ چھوڑنے کی بجائے صرف دیا جلانے پر اکتفا کریں۔ دریں اثناء اے پی نان گزیٹیڈ آفیسرس اسوسی ایشن نے کہا کہ وہ اپنی دو یوم کی تنخواہ 125 کروڑ روپئے چیف منسٹر ریلیف فنڈ میں عطیہ دیں گے۔

TOPPOPULARRECENT