Sunday , September 23 2018
Home / اضلاع کی خبریں / وقار آباد میں ڈرینج کے کاموں کی عاجلانہ تکمیل کا مطالبہ

وقار آباد میں ڈرینج کے کاموں کی عاجلانہ تکمیل کا مطالبہ

سڑکوں کی حالت خستہ، دو سال سے جاری کام ہنوز ادھورے

سڑکوں کی حالت خستہ، دو سال سے جاری کام ہنوز ادھورے
وقار آباد /23 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع رنگا ریڈی وقار آباد ضلع کا مرکزی حصہ کہلاتا ہے۔ اس شہر کی ترقی اور اس کو سٹیلائٹ سٹی بنانے کے لئے مرکزی حکومت نے چار سال قبل 200 کروڑ روپئے سے زائد فنڈ منظور کئے۔ وقارآباد کو سٹیلائٹ سٹی بنانے کے گزشتہ دو برسوں سے تعمیری کام جاری ہے، لیکن سٹیلائٹ سٹی کے تعمیری کام کے گتہ داروں کی لاپرواہی کی وجہ سے سست رفتاری سے یہ کام ہو رہا ہے اور جگہ جگہ شہر میں انڈر گراؤنڈ ڈرینج کے لئے سڑکوں کو کھودا گیا ہے، لیکن اس کی تعمیر میں مہینوں لگنے کی وجہ سے شہریوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ حکومت نے اس شہر کی ترقی کے لئے کروڑہا روپئے فنڈس منظور کئے، لیکن ان کاموں کی نگرانی میں ناکام ہو رہی ہے۔ سٹیلائٹ سٹی کے تعمیری کاموں میں اچھی اشیاء کا استعمال نہیں کیا جا رہا ہے، جس سے شہر کے عوام کافی برہمی ظاہر کر رہے ہیں۔ شہر میں جگہ جگہ سڑکوں کو کھود کر گڑھوں کو اسی طرح چھوڑ دیا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے لوگ راتوں کو ان گڑھوں میں گر رہے ہیں، خاص طورپر چھوٹی گلیوں میں سڑکوں کی حالت انتہائی خستہ ہو گئی ہے۔ بلدی عہدہ دار یا پھر سٹیلائٹ سٹی کے ذمہ دار اس جانب کوئی توجہ نہیں دے رہے ہیں۔ معمولی بارش سے وقار آباد کی سڑکیں کیچڑ سے بھر جاتی ہیں، جس سے شہریوں کو کافی تکلیف ہو رہی ہے۔ کروڑہا روپئے منظور ہونے کے باوجود سڑکوں کی تعمیر و مرمت میں متعلقہ عہدہ دار لاپرواہی برت رہے ہیں اور سڑکیں کھود کر جگہ جگہ گڑھے کردیتے ہیں، جس کی وجہ سے سڑکوں پر پیدل چلنا بھی دشوار ہے۔ بارِش ہوتی ہے تو کیچڑ اچھلتا ہے اور دھوپ ہوتی ہے تو گرد اڑتی ہے۔ عوام کا مطالبہ ہے کہ بلدی عہدہ دار اور سٹیلائٹ سٹی کے ذمہ دار اس جانب توجہ دے کر سڑکوں اور انڈر گراؤنڈ ڈرینج کی تعمیر کا کام جلد سے جلد مکمل کریں، تاکہ عوام ہر طرح کی دشواریوں سے بچ سکیں۔

TOPPOPULARRECENT