Sunday , July 22 2018
Home / شہر کی خبریں / وقفہ صفر کو کشن ریڈی نے وقفہ صفر میں موضوع بحث بنادیا

وقفہ صفر کو کشن ریڈی نے وقفہ صفر میں موضوع بحث بنادیا

جوابات نہ ملنے کی شکایت پر حکومت کو الجھن
حیدرآباد۔ 21 مارچ (سیاست نیوز) بی جے پی فلور لیڈر کشن ریڈی نے آج اسمبلی میں وقفہ صفر کے دوران وقفہ صفر کو موضوع بحث بناتے ہوئے حکومت کو الجھن میں مبتلا کردیا۔ اسپیکر مدھوسدھن چاری سے خصوصی اجازت حاصل کرتے ہوئے کشن ریڈی نے کہا کہ گزشتہ چار برسوں میں وقفہ سوالات کے دوران اٹھائے گئے مسائل کا حکومت کی جانب سے کوئی جواب نہیں دیا گیا۔ اسمبلی قواعد کے مطابق 15 دن میں وقفہ صفر میں اٹھائے گئے مسائل کا متعلقہ محکمہ جات کی جانب سے جواب دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ارکان کافی محنت سے عوامی مسائل کو وقفہ صفر میں پیش کرتے ہیں اس امید کے ساتھ کہ ان کی یکسوئی ہوگی لیکن افسوس وقفہ صفر میں اٹھائے گئے مسائل کا کوئی جواب نہیں دیا جاتا ہے۔ انہوں نے اسپیکر مدھوسدھن چاری سے اس سلسلہ میں رولنگ دینے کا مطالبہ کیا۔ وزیر امور مقننہ ہریش رائو نے کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ وقفہ صفر کے تمام مسائل کا جواب نہیں دیا جاتا۔ کئی ارکان کو ان کے اٹھائے گئے امور کا جواب روانہ کیا گیا ہے۔ جن ارکان کو جواب نہیں دیا گیا اس سلسلہ میں متعلقہ محکمہ جات کو ہدایت دی جائے گی۔ اسپیکر مدھوسدھن چاری نے کہا کہ وقفہ صفر کے تحریری جوابات کے سلسلہ میں چیف سکریٹری کے ساتھ اجلاس منعقد کیا جاچکا ہے۔ پھر ایک بار چیف سکریٹری سے مشاورت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وقفہ صفر کے تمام امور کا تحریری جواب دینا محکمہ جات کی ذمہ داری ہے۔ کئی ارکان نے کشن ریڈی کی جانب سے اٹھائے گئے مسئلہ کی تائید کی۔ کیوں کہ انہیں بھی کسی محکمہ کی جانب سے تحریری جواب موصول نہیں ہوا۔ واضح رہے کہ وقفہ صفر میں اٹھائے گئے موضوعات کو حکومت کی جانب سے نوٹ کیا جاتا ہے اور کارروائی سے متعلق تفصیلات تحریری طور پر متعلقہ ارکان کو روانہ کی جاتی ہیں۔

TOPPOPULARRECENT