Thursday , June 21 2018
Home / شہر کی خبریں / وقف اراضیات پر غیر قانونی تعمیرات کو فوری روکنے کا مطالبہ

وقف اراضیات پر غیر قانونی تعمیرات کو فوری روکنے کا مطالبہ

حیدرآباد۔24ڈسمبر(سیاست نیوز) سینئر کمیونسٹ قائد جناب سیدعزیزپاشاہ نے ٹولی مسجد کی وقف اراضی پر غیر قانونی تعمیرات کو منہدم کرنے کے احکامات کے باوجود دھڑلے کیساتھ تعمیری سرگرمیاں جاری رکھنے کے خلاف احتجاج کا انتباہ دیا۔ آج یہاں آصف نگر منڈل آفس میں متعلقہ ایم آر او سے ملاقات کے دوران انہوں نے انصاف تلنگانہ اور دکن وقف پروٹکشن سوسائٹی کی جانب سے ٹولی مسجد کے وقف اراضی پر جاری غیرقانونی تعمیر سرگرمیوں کے متعلق ایم آر او کو واقف کروایا اور کہاکہ وقف اراضی کے قابضین مبینہ طور پر پولیس سے ملی بھگت کے ذریعہ مذکورہ اراضی کو ذاتی ملکیت میں تبدیلی کے لئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ایف آئی آر کے باوجود متعلقہ انسپکٹر واقعہ کو طول دیکر ایم آر ائو سے رپورٹ طلب کرنے کی بات کررہے ہیں ۔ جناب سیدعزیزپاشاہ نے ایم آر او آصف نگر کو انتباہ دیتے ہوئے کہاکہ محکمہ پولیس اور منڈل عہدیداروں کی جانب سے ٹولی مسجد وقف اراضی کے تحفظ میںکسی بھی قسم کی کوتاہی کے خلاف تنظیم محکمہ کے ذمہ داران کے خلاف احتجاج منظم کریگا ۔دکن وقف پروٹکشن سوسائٹی کے صدر عثمان بن محمد الہاجری نے ٹولی مسجد وقف اراضی پر قابضین کے خلاف جاری کردہ ایف آئی آر کی کاپیاں ایم آر او کے حوالے کیا۔ ریاستی تنظیم انصاف کے صدر میر احمد علی کے علاوہ جنرل سکریٹری منیر پٹیل‘ سابق کارپوریٹر ایم اے باسط‘ صدر انصاف گریٹر حیدرآباد کلیم الدین عسکر‘ ورکنگ پریسڈنٹ شیخ شمس الدین‘ جنرل سکریٹری محمد حشمت کے علاوہ مقبول الہاجری ‘ خواجہ پاشاہ اورانصاف کے سینکڑوں کارکن بھی اس موقع پر موجود تھے۔

TOPPOPULARRECENT