Friday , February 23 2018
Home / شہر کی خبریں / وقف اراضیات کا تحفظ یقینی بنانے اقدامات

وقف اراضیات کا تحفظ یقینی بنانے اقدامات

اراضی سروے کے دوران منڈل سطح پر وقف بورڈ ملازمین کاریونیوحکام کیساتھ تعاون
حیدرآباد ۔13نومبر ( سیاست نیوز) ریاست بھر میں جاری اراضی سروے کے دوران وقف اراضیات کے تحفظ کو یقینی بنانے اور اراضیات سے ناجائز قبضوں کو برخواست کرنے کے اقدامات کا آغاز ہوچکا ہے ۔ صدرنشین وقف بورڈ جناب محمد سلیم نے بتایا کہ کل سے ہر منڈل سطح پر وقف بورڈ کے ملازمین ریونیو حکام کی رہنمائی اور مدد کیلئے دستیاب رہیں گے ۔ ایک جائزہ اجلاس میں شرکت کے فوری بعد صدرنشین نے یہ اقدام کیا ۔ مری چنا ریڈی انسٹی ٹیوٹ آف ہیومن رسورسیس میں آج ریونیو حکام اور وقف کا اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد کیا گیا تھا ۔ اس اجلاس میں آر ڈی اوز اور جوائنٹ کلکٹرس کے علاوہ وقف بورڈ کے ذمہ دار انسپکٹرس سی ای او و دیگر موجود تھے ۔ بعد ازاں صدرنشین وقف بورڈ جناب محمد سلیم نے چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندرا شیکھر راؤ کے احکام کا خیرمقدم کیا اور اس اقدام کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر کی پہل سے وقف اراضیات کا تحفظ یقینی ہوجائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے 21اضلاع میں وقف بورڈ کی خصوصی ٹیمیں کل سے متحرک ہوجائیں گی ۔ سروے کے دوران ریونیو ریکارڈ کی جانچ اور ریونیو عملہ کی رہنمائی کی جائے گی ۔ صدرنشین وقف بورڈ نے بتایا کہ وقف بورڈ کی جانب سے اراضی سروے کے دوران رہنمائی کیلئے کنٹرول روم کا آغاز بھی کیا ہے جو سی سی ایل اے ( چیف کمشنریٹ ایڈمنسٹریشن) کیلئے رہے گا ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے اقدام سے قبل ریونیو حکام اور وقف بورڈ میں طویل فاصلہ تھا تاہم چیف منسٹر کی پہل سے آپسی تال میل اور رابطہ سے بہترین نتائج برآمد ہوں گے جو وقف اراضیات کے تحفظ کیلئے فائدہ مند اور ناجائز قابضین و لینڈ گرابرس کیلئے پریشانی کا سبب بنے ہوئے ہیں ۔ جناب محمد سلیم نے چیف منسٹر ریاست تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے اقدام کی زبردست ستائش کی اور کہا کہ تاریخ میں چیف منسٹر کے اقدام کی نظیر نہیں ملتی ۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ کی خصوصی ٹیموں کو پابند کردیا گیا کہ وہ ریکارڈز کے ساتھ ہر منڈل اور ریونیو ڈیویژن میں دستیاب رہیں اور اراضیات کی نشاندہی اور اس کے تحفظ کیلئے اقدامات کریں ۔ صدرنشین وقف بورڈ نے کسی بھی قسم کی لاپرواہی اور کوتاہی پر عملہ کو سخت گیر نتائج کا انتباہ دیا ۔

TOPPOPULARRECENT