Saturday , April 21 2018
Home / شہر کی خبریں / وقف بورڈ دفاتر کی مہر بندی ، ہائی کورٹ میں درخواست پر سماعت،سکریٹری اقلیتی بہبود کی جانب سے آج حلفنامہ کا ادخال

وقف بورڈ دفاتر کی مہر بندی ، ہائی کورٹ میں درخواست پر سماعت،سکریٹری اقلیتی بہبود کی جانب سے آج حلفنامہ کا ادخال

حیدرآباد ۔27۔ نومبر (سیاست نیوز) سکریٹری اقلیتی بہبود اور تلنگانہ وقف بورڈ کی جانب سے حیدرآباد ہائی کورٹ میں حلفنامہ داخل کیا جارہا ہے جس میں وقف بورڈ کے دفاتر کو مہربند کرنے سے متعلق حکومت کے فیصلہ کو حق بجانب قرار دیا گیا ہے۔ ہائی کورٹ میں حکومت کے اقدام کو چیلنج کرتے ہوئے مفاد عامہ کی درخواست دائر کی گئی جس پر سماعت کا سلسلہ جاری ہے۔ ہائی کورٹ کی ہدایت پر سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل کی جانب سے کل حلفنامہ داخل کیا جائے گا ۔ حکومت نے حلفنامہ کو منظوری دیدی ہے اور یہ ایڈوکیٹ جنرل کے دفتر میں جمع کردیا گیا جو کل سماعت کے موقع پر عدالت میں پیش ہوگا۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت نے استدلال پیش کیا ہے کہ بورڈ کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے حکومت کو مجبوراً یہ فیصلہ کرنا پڑا۔ جائزہ اجلاس میں جب عہدیداروں سے تفصیلات طلب کی گئی تو ان کا جواب غیر اطمینان بخش تھا۔ ریکارڈ کو محفوظ کرنے کیلئے حکومت نے دفاتر کو مہربند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حلفنامہ میں بتایا گیا وقف بورڈ میں روز مرہ کا کام بحال ہوچکا ہے اور صرف ریکارڈ روم مہربند ہے۔ وقف بورڈ میں موجود 10 کمروں کے منجملہ ایک کمرہ آندھراپردیش وقف بورڈ کیلئے مختص ہے جبکہ ایک کمرہ میں تلنگانہ وقف بورڈ کی فائلوں کا کام جاری ہے۔ دیگر کمروں کو کھول دیا گیا ہے جہاں مختلف سیکشن کام کررہے ہیں۔ وقف بورڈ کی جانب سے ایک علحدہ حلفنامہ داخل کیا جارہا ہے ، جس میں وقف ریکارڈ کو محفوظ کرنے کیلئے حکومت کے اقدام کی ستائش کی گئی۔ بورڈ کی جانب سے عدالت کو بتایا جائے گا کہ ریکارڈ کے ڈیجٹیلائیزیشن کا کام جاری ہے اور حکومت کا فیصلہ ریکارڈ کے تحفظ کیلئے ہے۔ اسی دوران ہائی کورٹ میں چیف اگزیکیٹیو آفیسر کے تقرر کو چیلنج کرتے ہوئے درخواست داخل کی گئی ہے۔ درخواست گزار نے کہا کہ وقف ایکٹ کے تحت چیف اگزیکیٹیو آفیسر کے عہدہ پر ڈپٹی سکریٹری رینک کے عہدیدار کا تقرر ضروری ہے جبکہ موجودہ اگزیکیٹیو آفیسر کا رینک اسسٹنٹ سکریٹری ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ حکومت کو کم رینک کے عہدیدار کے تقرر کا اختیار نہیں۔ امکان ہے کہ اس درخواست پر سماعت منگل کو ہوگی۔

TOPPOPULARRECENT