Monday , August 20 2018
Home / شہر کی خبریں / وقف بورڈ سے جعلی این او سی اجرائی معاملہ ، ٹیلی فون ٹیاپ کی افواہ

وقف بورڈ سے جعلی این او سی اجرائی معاملہ ، ٹیلی فون ٹیاپ کی افواہ

ملازمین کی کال ہسٹری کی تفصیلات کا حصول ، پولیس تحقیقات پر انکشاف سے انکار
حیدرآباد ۔13۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) کیا وقف بورڈ کے عہدیداروں کے ٹیلیفون کال ٹیاپ کئے جارہے ہیں ؟ وقف بورڈ سے جعلی این او سی کی اجرائی کی پولیس تحقیقات کے آغاز کے بعد سے عہدیداروں میں یہ اطلاع تیزی سے گشت کر رہی ہے کہ پولیس نے ٹیلیفون ٹیاپنگ کا آغاز کیا ہے تاکہ این او سی اسکام کے خاطیوں کی شناخت کی جاسکے۔ یہ بھی کہا گیا کہ پولیس عہدیداروں اور بعض ملازمین کے سیل فون سے کئے گئے کالس کی ہسٹری حاصل کرتے ہوئے معاملہ کی جانچ کر رہی ہے تاکہ وقف مافیا سے عہدیداروں کے روابط کا پتہ چلایا جاسکے۔ اگرچہ اس سلسلہ میں پولیس کی جانب سے توثیق یا تردید نہیں کی گئی لیکن بورڈ میں خوف کا ماحول دیکھا جارہا ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ تحقیقات کے دوران کسی بھی اقدام کا انکشاف نہیں کرسکتی کیونکہ اس سے تحقیقات متاثر ہوسکتی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ٹیلیفون ٹیاپنگ کی اطلاع ملتے ہی وقف بورڈ کے اعلیٰ عہدیدار اور ایسے سیکشنوں کے ملازمین جن کا تعلق این او سی کی اجرائی سے ہوتا ہے ، وہ سیل فون پر بات کرنے میں احتیاط کر رہے ہیں۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر منان فاروقی جن کے پاس دو سیل فون ہیں ، وہ کسی نمبر سے بات کرنے سے گریز کر رہے ہیں ۔ صرف ایسے افراد کے فون کال ریسیو کئے جارہے ہیں ، جن سے بات کرنا ضروری ہے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود ، صدرنشین وقف بورڈ اور بورڈ کے ارکان سے فون پر بات چیت کی جارہی ہے لیکن اس بات چیت میں این او سی اسکام کے بارے میں کسی بھی تبصرہ سے گریز کیا جارہا ہے۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر نے میڈیا پر واضح کردیا کہ وہ کوئی بھی بات فون پر نہ کریں اور ان سے ملاقات کی توقع بھی کم رکھی جائے۔ وہ کسی بھی معاملہ میں رائے دینے سے احتیاط کر رہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ پولیس کی نگرانی کے تحت عہدیداروں سے ملاقات کرنے والے افراد پر بھی نظر رکھی جارہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق صدرنشین وقف بورڈ نے بھی چیف اگزیکیٹیو آفیسر کو فون پر گفتگو اور خاص طور پر میڈیا سے بات کرنے سے منع کیا ہے۔ اسکام کے تحت جس تاریخ کو جعلی این او سی تیار کی گئی ، اس تاریخ کے دوران کئے گئے فون کالس کی ہسٹری کی بنیاد پر اس بات کا پتہ چل سکتا ہے کہ این او سی کے لئے درخواست دینے والے شخص کا کس سے رابطہ تھا ۔ اسی دوران اسکام کی جانچ میں پیشرفت کی اطلاع ملی ہے۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر کی دستخط کے مسئلہ پر فارنسک رپورٹ پر تحقیقات کا نتیجہ سامنے آئے گا۔ وقف بورڈ کی سہ رکنی کمیٹی علحدہ طور پر اس معاملہ کی تحقیقات کا آغاز کرچکی ہے۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے پولیس اور بورڈ کی تحقیقاتی کمیٹی سے خواہش کی ہے کہ وہ خاطیوں کی نشاندہی میں تیزی کریں تاکہ بورڈ میں اصلاحات کے نفاذ میں مدد ملے۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی افراد چاہے وہ عہدیدار کیوں نہ ہوں ملوث پائے گئے تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ وقف بورڈ کے عہدیدار اور ملازمین ٹیلیفون ٹیاپنگ کی اطلاع سے اس قدر خوفزدہ ہیں کہ فون کی گھنٹی بجتے ہی چمک کر نام یا نمبر کا بغور جائزہ لیتے ہیں اور کال گھر سے بھی ہو تو فوری چند لمحوں میں بات چیت مکمل کرلی جاتی ہے۔

TOPPOPULARRECENT