Tuesday , December 19 2017
Home / شہر کی خبریں / وقف بورڈ سے متصل اراضی کوپارکنگ کے لیے الاٹ کرنے کی مخالفت

وقف بورڈ سے متصل اراضی کوپارکنگ کے لیے الاٹ کرنے کی مخالفت

بورڈ نے لیز کے احکامات کو منسوخ کردیا ، وقف بورڈ قواعد میں الاٹمنٹ کا اختیار نہیں
حیدرآباد ۔ 18 ۔ جنوری (سیاست نیوز) وقف بورڈ نے حج ہاؤز سے متصل کھلی اراضی کو پارکنگ کیلئے لیز پر دیئے جانے کے احکامات سے دستبرداری اختیار کرلی ہے۔ بورڈ نے کھلی اراضی کو فنکشن ہال کی پارکنگ کیلئے الاٹ کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور اس سلسلہ میں کل شام احکامات جاری کئے گئے تھے۔ تاہم اس مسئلہ پر تنازعہ کے بعد بورڈ نے آج احکامات سے دستبرداری اختیار کرلی۔ بتایا جاتا ہے کہ مختلف گوشوں سے اس فیصلہ کی مخالفت کی گئی کیونکہ حج ہاؤز کے احاطہ میں پارکنگ کا علاقہ پہلے ہی سے تنگ ہے اور کھلی اراضی کو لیز پر دیئے جانے سے مزید مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ اطراف کے بعض دیگر خانگی ادارے بشمول اسکولس نے بھی اراضی کو لیز پر حاصل کرنے کی کوشش کی تھی۔ تاہم حکومت کی سطح پر دباؤ کے بعد فنکشن ہال کو الاٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ معاہدہ کے مطابق ہر ماہ ایک لاکھ روپئے کرایہ مقرر کیا گیا اور معاہدہ کی مدت تین سال تھی۔ ذرائع نے بتایا کہ وقف بورڈ قواعد کے اعتبار سے اس طرح کا فیصلہ مناسب نہیں تھا لہذا لمحہ آخر میں فیصلہ سے دستبرداری اختیار کرلی گئی ۔ ذرائع نے بتایا کہ کھلی اراضی پر حج ہاؤز کی تعمیر کا منصوبہ ہے اور حج سیزن کے سلسلہ میں تقریباً 6 ماہ حج ہاؤز کے احاطہ میں عوام کی آمد و رفت کا سلسلہ تیز رہتا ہے۔ مختلف اقلیتی تنظیموں اور اوقافی جائیدادوں کے تحفظ سے متعلق اداروں نے بھی اس فیصلہ کی مخالفت کی ہے۔

TOPPOPULARRECENT