Tuesday , April 24 2018
Home / شہر کی خبریں / وقف بورڈ میں ای فائلنگ سسٹم

وقف بورڈ میں ای فائلنگ سسٹم

حیدرآباد۔ 12 اپریل (سیاست نیوز) وقف بورڈ کی تمام فائلیں اب بہت جلد ای فائلنگ سسٹم کے ذریعہ کمپیوٹرائز ہوجائیں گی۔ 18 اپریل کو ای فائلنگ سسٹم کا آغاز کیا جارہا ہے۔ پہلے مرحلہ میں ایک سیکشن کی فائلیں کمپیوٹرائز کی جائیں گی۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسر شاہ نواز قاسم آئی پی ایس نے انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈپارٹمنٹ کے ماہرین کی خدمات حاصل کی ہیں۔ یہ ماہرین سکریٹریٹ کے تمام محکمہ جات کی ای فائلنگ کا کام انجام دے چکے ہیں۔ شاہ نواز قاسم نے بتایا کہ اندرون تین ماہ تمام سیکشنوں کے فائلیں کمپیوٹر پر رہیں گی۔ اس پراجیکٹ کی تکمیل سے وقف بورڈ کا تمام ریکارڈ نہ صرف محفوظ ہوجائے گا بلکہ غیر مجاز قابضین اور وقف مافیا کو ریکارڈ میں الٹ پھیر کرنے کا موقع نہیں ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ اوقافی جائیدادوں کے تحفظ میں ریکارڈ اہمیت کا حامل ہے اور اکثر دیکھا گیا ہے کہ بروقت ریکارڈ پیش نہ کیے جانے کے سبب وقف بورڈ کو عدالتوں میں ناکامی ہورہی ہے۔ ای فائلنگ پراجیکٹ شاہ نواز قاسم کا ترجیحی کام ہے جسے وہ اپنی شخصی نگرانی میں مکمل کریں گے۔ وہ وقف بورڈ کے تمام عہدیداروں اور ملازمین کے لیے پرسنالٹی ڈیولپمنٹ اور اسکل ڈیولپمنٹ ٹریننگ کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ وقف بورڈ میں باقاعدہ ٹریننگ سنٹر قائم کیا جائے گا جہاں دفتری کام کاج اور عوام سے بہتر سلوک کی تربیت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عہدیدار اور ملازمین نہ صرف دفتری کام میں ماہر ہوں بلکہ عوام کے ساتھ ان کا رویہ خوش مزاجی کا رہے۔ وہ چاہتے ہیں کہ وقف بورڈ کا ہر عہدیدار اور ملازم ورک کلچر اختیار کرے اور ڈسپلین کے ساتھ ساتھ ان میں جوابدہی کا احساس ہو۔ بورڈ میں شفافیت پیدا کرنے کے لیے اس طرح کے مزید قدم اٹھائے جائیں گے۔

TOPPOPULARRECENT