Monday , November 20 2017
Home / شہر کی خبریں / وقف بورڈ میں بے قاعدگی والے مؤظف عہدیدار کا تقرر

وقف بورڈ میں بے قاعدگی والے مؤظف عہدیدار کا تقرر

بورڈ پر مخصوص گروہ کنٹرول جمانے کا خواہاں، متنازعہ فیصلوں کا سلسلہ برقرار
حیدرآباد۔/10 جون، ( سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ میں ایک طرف متنازعہ فیصلوں کا سلسلہ جاری ہے تو دوسری طرف بعض متنازعہ افراد کے تقرر سے ملازمین میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ وقف بورڈ میں اسٹاف کی کمی سے انکار نہیں کیا جاسکتا لیکن بورڈ پر اپنا کنٹرول رکھنے والے ارکان اپنی پسند کے افراد کا تقرر کررہے ہیں تاکہ ان کے کاموں کی باآسانی تکمیل ہوسکے۔ بورڈ میں رہ کر یہ افراد ان کے مفادات کی نگہبانی کرسکیں۔ حکومت نے وقف بورڈ کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے محکمہ مال سے تقریباً 15 گزیٹیڈ عہدیداروں کی خدمات کو وقف بورڈ میں فراہم کرنے کا فیصلہ کیا لیکن بتایا جاتا ہے کہ بورڈ کے موجودہ عہدیدار و ملازمین اس تجویز کی مخالفت کررہے ہیں کیونکہ انہیں اندیشہ ہے کہ قابل عہدیداروں کی آمد سے ان کی نااہلی کا پول کھل جائے گا۔ وقف بورڈ میں سوائے چند عہدیداروں کے دیگر ملازمین اپنے عہدہ کے مطابق درکار قابلیت سے محروم ہیں۔ فائیلوں کی یکسوئی اور ان پر نوٹ لکھنے کی صلاحیت سے محروم یہ افراد دیگر محکمہ جات کے ملازمین کی مخالفت کررہے ہیں۔ اتنا ہی نہیں محکمہ مال سے ریٹائرڈ ہونے والے بعض عہدیداروں کی وقف بورڈ میں خدمات حاصل کی گئیں جو اوقافی جائیدادوں کے تحفظ میں اہم رول ادا کررہے ہیں۔ سرویئر اور دیگر عہدوں پر فائز محکمہ مال کے ان ریٹائرڈ عہدیداروں کو بورڈ سے بھگانے کیلئے نت نئی سازشیں اور ترکیبیں کی جارہی ہیں۔ ان افراد کو ہراساں کرتے ہوئے وقف بورڈ سے جانے پر مجبور کیا جارہا ہے۔ دراصل ان کے پس پردہ وقف مافیا اور وہ عناصر ہیں جو وقف بورڈ پر اپنا تسلط برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔ بورڈ میں شامل بااثر ارکان نے گزشتہ دنوں دو افراد کے تقرر کی منظوری حاصل کی۔ یہ افراد سابق میں وقف بورڈ میں خدمات انجام دے چکے ہیں اور انہیں اب ان کا دوبارہ تقرر کیا گیا۔ بورڈ کے جس رکن کی سفارش پر یہ تقرر عمل میں آیا ہے ان میں ایک ریٹائرڈ شخص پر سابق میں بے قاعدگیوں کے کئی الزامات ہیں۔ ایسے وقت جبکہ بورڈ پر ایک مخصوص گروہ اپنا کنٹرول جمانا چاہتا ہے اپنی پسند کے افراد کے ذریعہ کی جارہی کوششیں باعث تشویش ہیں۔ ویسے بھی سابق میں بے قاعدگیوں میں ملوث افراد کے تقرر نے بورڈ کی شفافیت پر سوالیہ نشان کھڑے کردیئے ہیں۔ وقف بورڈ میں نئے اور قابل نوجوانوں کے تقررات سے متعلق بارہا اعلانات اور تیقنات دیئے گئے لیکن ارکان کی پسند کے افراد کی دوبارہ بازآبادکاری نے بورڈ کے ملازمین میں تشویش پیدا کردی ہے۔ ان ریٹائرڈ ملازمین کو جو ذمہ داریاں دی گئی ہیں وہ بورڈ میں شامل ایک اہم رکن کے اشارہ پر دی گئی ہیں تاکہ ان کے کسی بھی کام میں رکاوٹ پیدا نہ ہوسکے۔

TOPPOPULARRECENT