Wednesday , August 22 2018
Home / شہر کی خبریں / وقف بورڈ میں جعلی این او سی کی اجرائی اور سرقہ معاملت کی تحقیقات میں تیزی پر زور

وقف بورڈ میں جعلی این او سی کی اجرائی اور سرقہ معاملت کی تحقیقات میں تیزی پر زور

مدینہ بلڈنگ کرایہ داروں کے اضافی کرایہ کی عدم ادائیگی پر کارروائی کی تجویز ، جناب محمد سلیم
حیدرآباد۔21۔ فروری (سیاست نیوز) وقف بورڈ میں جعلی این او سی کی اجرائی اور سرقہ کے معاملہ میں تحقیقات میں تیزی لانے کیلئے صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے کمشنر پولیس گریٹر حیدرآباد سے بات چیت کی۔ انہوں نے کمشنر پولیس سے کہا کہ جعلی این او سی کی اجرائی اور اکاؤنٹ سیکشن میں سرقہ کی کوشش کے سلسلہ میں عابڈس پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کی گئی لیکن پولیس عہدیدار تحقیقات میں کوئی خاص دلچسپی نہیں لے رہے ہیں۔ تحقیقات میں تاخیر کے سبب عوام میں مختلف شبہات پیدا ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرقہ کی کوشش اور قفل شکنی کے معاملہ میں پولیس نے فنگر پرنٹ رپورٹ کا بہانہ بناتے ہوئے تحقیقات کو سست کردیا ہے۔ محمد سلیم نے کمشنر پولیس سے خواہش کی کہ دونوں معاملات میں تیزی سے تحقیقات کی تکمیل کے سلسلہ میں ماتحت عہدیداروں کو ہدایت دی جائے ۔ کمشنر نے اس سلسلہ میں ضروری ہدایات جاری کرنے کا تیقن دیا۔ محمد سلیم نے کہا کہ دونوں معاملات میں جو بھی قصوروار پائے جائیں ، ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ مدینہ بلڈنگ میں واقع اوقافی ملگیات کے کرایہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی جو مارکٹ ریٹ سے کرایہ میں اضافہ کیلئے تیار نہیں ہیں۔ کرایہ دار وقف بورڈ کو معمولی رقم ادا کر رہے ہیں جبکہ انہوں نے دوسروں کو لاکھوں روپئے پیشگی اور ہزاروں روپئے کرایہ پر ملگیات سب لیز پر حوالے کردی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی کی وقف کمیٹی نے جو سفارشات پیش کی ہیں ، ان پر عمل آوری کی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس کا تعاون حاصل کرتے ہوئے مدینہ بلڈنگ میں واقع ملگیات کو مہربند کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ کی آمدنی میں اضافہ کیلئے شہر اور اضلاع میں خصوصی ٹیموں کو متحرک کیا گیا ہے۔ اور بتایا کہ 24 فروری کو بورڈ کی تشکیل کے ایک سال کی تکمیل کے موقع پر اجلاس منعقد ہوگا جس میں کئی اہم فیصلے کئے جائیں گے۔ اجلاس میں اسٹاف کے تقررات میں دھاندلیوں پر کارروائی کا فیصلہ بھی بورڈ کے اجلاس میں کیا جاسکتا ہے ۔ محمد سلیم نے کہا کہ اضلاع میں اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کے سلسلہ میں متعلقہ ضلع کلکٹرس کے ساتھ اجلاس منعقد کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ شیخ پیٹ میں واقع قدیم قطب شاہی مسجد کو آباد کرنے کیلئے آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کے عہدیداروں سے بات چیت جاری ہے۔ محمد سلیم نے کہا کہ اوقافی معاملات میں جو کوئی بھی دھاندلیوں کے ذمہ دار ہوں گے انہیں بخشا نہیں جائے گا۔ چاہے وہ بورڈ میں کتنے بڑے عہدہ پر فائز ہوں۔ انہوں نے ایک سال کی کارکردگی پر تفصیلی رپورٹ پیش کرنے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے۔

تلنگانہ اور آندھراپردیش میں
موسم کی تبدیلی کا عمل شروع
حیدرآباد 21فروری (یواین آئی ) تلنگانہ اور آندھراپردیش میں موسم کی تبدیلی کا عمل ایسا محسوس ہوتا ہے کہ شروع ہوگیا ہے کیونکہ ان ریاستوں میں دن کے درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ ہوتا جارہا ہے جبکہ رات کے درجہ حرارت میں کمی برقرار ہے ۔ اسی دوران محکمہ موسمیات نے اپنے بلیٹن میں کہا ہے کہ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ساحلی آندھرا اور رائلسیما میں موسم کے خشک رہنے کا امکان ہے ۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران تلنگانہ ،ساحلی آندھراپردیش اور رائلسیما میں موسم خشک رہا۔ اقل ترین درجہ حررات بالترتیب 15.4 اور 19.4 ڈگری سیلسیس عادل آباد اور حیدرآبادمیں درج کیاگیا۔

TOPPOPULARRECENT