وقف بورڈ میں غیر قانونی سرگرمیوں کا سخت نوٹ لیا جائے گا

بورڈ کی کارکردگی کو شفاف بنانا ضروری ، جناب احمد ندیم کا بیان

بورڈ کی کارکردگی کو شفاف بنانا ضروری ، جناب احمد ندیم کا بیان
حیدرآباد۔/5اگسٹ، ( سیاست نیوز) سکریٹری اقلیتی بہبود جناب احمد ندیم ( آئی اے ایس ) نے بتایا کہ وقف بورڈ میں جاری بعض غیرقانونی اور غیر مجاز سرگرمیوں کا سختی سے نوٹ لیا جائے گا اور اسپیشل آفیسر کے جائزہ حاصل کرنے کے بعد وہ وقف بورڈ کے اُمور پر تفصیلی جائزہ اجلاس منعقد کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ بورڈ میں اسپیشل آفیسر کے تبادلہ کے بعد سے جاری سرگرمیوں کے سلسلہ میں انہیں بھی بعض شکایات ملی ہیں اور بعض اُمور کی جانب نشاندہی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ اوقافی جائیدادوں کے تحفظ سے متعلق ادارہ ہے اور اس کی کارکردگی میں شفافیت ضروری ہے۔ کسی بھی سطح پر بے قاعدگیوں اور بدعنوانیوں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سابق اسپیشل آفیسر نے وقف ایکٹ کی خلاف ورزی پر جو کارروائیاں کی تھیں ان کی پیشرفت کا جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے جناب جلال الدین اکبر ( آئی ایف ایس ) کو ڈائرکٹر اقلیتی بہبود تلنگانہ اور اسپیشل آفیسر مقرر کیا ہے۔ توقع ہے کہ وہ بہت جلد اس ذمہ داری کو سنبھال لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسپیشل آفیسر کے جائزہ لینے کے بعد اوقافی جائیدادوں اور وقف بورڈ سے متعلق اُمور پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ اسی دوران جناب جلال الدین اکبر نے بتایا کہ انہیں نئی ذمہ داری سنبھالنے کیلئے حکومت کے احکامات کا انتظار ہے۔ اگرچہ حکومت نے ان کے تبادلہ اور اقلیتی بہبود ڈائرکٹر و اسپیشل آفیسر وقف بورڈ کی حیثیت سے تقرر کے احکامات جاری کئے ہیں تاہم محکمہ جنگلات سے انہیں ریلیو کرنے کے احکامات جاری نہیں کئے گئے۔ جب بھی محکمہ انہیں ریلیو کرے گا وہ اپنی نئی ذمہ داری سنبھال لیں گے۔

TOPPOPULARRECENT