Saturday , September 22 2018
Home / Top Stories / وقف بورڈ میں قفل شکنی کے ذریعہ سرقہ کی کوشش سے سنسنی

وقف بورڈ میں قفل شکنی کے ذریعہ سرقہ کی کوشش سے سنسنی

صدر نشین اور سی ای او کو تاخیر سے اطلاع ۔ بورڈ کے اندرونی افراد پر شبہ ‘ کلوز ٹیم نے معائنہ کیا
حیدرآباد۔ 4فروری ۔ تلنگانہ وقف بورڈ میں قفل شکنی کے ذریعہ سرقہ کی کوشش نے بورڈ کے عہدیداروں اور ملازمین میں سنسنی دوڑا دی ہے۔ اگرچہ یہ واقعہ کل رات پیش آیا لیکن سکیورٹی گارڈس نے صدرنشین اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر کو اطلاع دینے کی زحمت نہیں کی اور ان کو آج صبح اطلاع دی گئی۔ پولیس کو رات میں اطلاع دی گئی لیکن اس نے بھی تحقیقات کا عمل آج صبح شروع کیا۔ اکاؤنٹس سیکشن میں قفل شکنی کے لئے بورڈ کے اندرونی افراد پر شبہ کیا جارہا ہے اور پوچھ تاچھ کے لئے 2 سکیورٹی گارڈس کو پولیس نے تحویل میں لے لیا۔ مشتبہ سارقوں نے سی سی ٹی وی کیمروں کے وائر کاٹنے کے بعد قفل شکنی کی جس کے باعث کیمروں میں کچھ بھی ریکارڈ نہیں ہوا۔ صدرنشین محمد سلیم نے بتایا کل رات 11 بجے سکیورٹی گارڈس نے راؤنڈ کے دوران فرسٹ فلور پر اکاؤنٹس سیکشن کا قفل ٹوٹا ہوا پایا۔ اسی فلور پر صدرنشین اور سی ای او کے چیمبرس بھی ہیں اور رات میں پولیس کو اطلاع دی گئی اور عابڈز پولیس کے عملہ نے معائنہ کیا اور صبح میں جانچ کا تیقن دیا۔ صدرنشین وقف بورڈ نے پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں سے بات چیت کی جس کے بعد پولیس بھی حرکت میں آئی۔ کلوز ٹیم نے بھی معائنہ کیا اور فنگر پرنٹس حاصل کئے گئے۔ اکاؤنٹس سیشن میں چیکس اور 2 لاکھ روپئے کی نقد رقم محفوظ ہے۔ سارقوں کو کچھ بھی ہاتھ نہیں لگا۔ شبہ کیا جارہا ہے کہ روزانہ آنے والے افراد نے یہ کوشش کی جس میں ملازمین بھی ہوسکتے ہیں۔ صدرنشین محمد سلیم نے کہا کہ خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی چاہے وہ اندرونی افراد ہوں یا نہ ہوں۔ انہوں نے اس واقعہ سے چیف منسٹر کے دفتر کو آگاہ کردیا۔ انہوں نے کہا کہ حج ہاؤز کی عمارت میں بعض ملازمین کے رات میں قیام کی موجودہ سہولت ختم کردی جائیگی۔ باب الداخلہ پولیس کا مستقل پکٹ تعینات کرکے رات کے وقت سخت چوکسی رہے گی۔ عمارت کی تیسری منزل پر ریکارڈ سیکشنس کی نگرانی کیلئے چوبیس گھنٹے پولیس کے تین جوان مقرر ہیں۔ اس کے باوجود فرسٹ فلور پر سرقہ کی دلیرانہ کوشش کی گئی۔ سکیورٹی گارڈس سے پوچھ تاچھ میں رات دیر گئے جانے والے ملازمین کی نشاندہی ہوگی۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسر نے پولیس میں تحریری شکایت درج کی ہے۔ بورڈ کی تاریخ میں قفل شکنی کا یہ پہلا واقعہ ہے۔

چیف سکریٹری کا اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس
حیدرآباد 4 ؍ فبروری ( سیاست نیوز) نئے ریاستی چیف سکریٹری ڈاکٹر ایس کے جوشی توقع ہے کہ 7 اور 8 ؍ فبروری کو مختلف محکمہ جات کے اسپیشل چیف سکریٹری ‘ پرنسپال سکریٹری و دیگر اعلی حکام کا اجلاس طلب کریں گے ۔ ڈاکٹر جوشی نے 31 جنوری کو جائزہ حاصل کیا ہے ۔ وہ 7 اور 8 فبروری کو دن حکام کے ساتھ پہلا اجلاس طلب کریں گے ۔ سرکاری ذرائع نے کہا کہ ڈاکٹر جوشی اجلاس میں ریاستی نظم و نسق کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیں گے ۔ اور حکومت کے پروگراموں و اسکیمات پر موثر عمل آوری کیلئے عہدیداروں کو ضروری ہدایات دیں گے ۔

TOPPOPULARRECENT