Monday , November 19 2018
Home / شہر کی خبریں / وقف جائیدادوں کے کرائے کی وصولی میں تاخیر پر صدرنشین وقف بورڈ کی برہمی

وقف جائیدادوں کے کرائے کی وصولی میں تاخیر پر صدرنشین وقف بورڈ کی برہمی

عہدیداروں کے ساتھ اجلاس، عدالت میں زیردوران مقدمات پر رپورٹ طلب
حیدرآباد۔9 نومبر (سیاست نیوز) وقف بورڈ کی آمدنی میں اضافہ کے لیے صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے رینٹ کلکٹرس اور وقف انسپکٹرس کو ہدایات جاری کی ہیں۔ انہوں نے آج بورڈ کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا جس میں رینٹ کلکشن اور عدالتوں میں زیر دوران مقدمات کی یکسوئی کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے عہدیداروں پر برہمی ظاہر کی کہ گزشتہ دو ماہ سے کرایہ جات کی وصولی میں کافی کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رینٹ کلکٹرس اور انسپکٹرس کی ذمہ داری ہے کہ وہ اوقافی جائیدادوں خاص طور پر نبی خانہ مولوی اکبر اور دیگر کامپلکسوں کے کرائے مقررہ وقت پر حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر وقف بورڈ کو رپورٹ پیش کی جائے۔ محمد سلیم نے کہا کہ اگر کرایہ جات کی وصولی میں تساہل برتا گیا تو ذمہ داروں کے خلاف کارروائی سے گریز نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں موجود کامپلکسوں اور دیگر جائیدادوں سے لاکھوں روپئے کے بقایا جات کی وصولی باقی ہے۔ بورڈ کی آمدنی میں اضافہ کی صورت میں وقف بورڈ فلاحی اسکیمات کا آغاز کرسکتا ہے۔ انہوں نے عدالتوں میں زیر دوران مقدمات کے سلسلہ میں تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی تاکہ مقدمات کی پیشرفت کا جائزہ لیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی مقدمہ کی پیروی میں غفلت سے کام نہ لیا جائے کیوں کہ اوقافی جائیدادوں کا تحفظ ہر کسی کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے شعبہ قضات میں سرٹیفکیٹس کی اجرائی کے سلسلہ میں کارکردگی بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس شعبہ کی کارکردگی بہتر بناتے ہوئے بورڈ کی آمدنی میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے کسی بھی مقام پر وقف کی جائیدادوں پر قبضے سے متعلق شکایت ملنے کی صورت میں فوری کارروائی کی جائے۔

TOPPOPULARRECENT