Saturday , January 20 2018
Home / شہر کی خبریں / وقف قواعد کی خلاف ورزی پر کارروائیاں حق بجانب

وقف قواعد کی خلاف ورزی پر کارروائیاں حق بجانب

اسپیشل آفیسر وقف بورڈ کی وقف قانون کے مطابق کارروائی ، سید عمر جلیل اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود

اسپیشل آفیسر وقف بورڈ کی وقف قانون کے مطابق کارروائی ، سید عمر جلیل اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود
حیدرآباد۔/8مئی، ( سیاست نیوز) اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے وقف بورڈ کی جانب سے وقف قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے اداروں کے سلسلہ میں کی جارہی کارروائیوں کو حق بجانب قرار دیا۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جناب عمر جلیل نے کہا کہ اسپیشل آفیسر وقف بورڈ شیخ محمد اقبال قانون وقف کے مطابق کارروائی کررہے ہیں۔ جو بھی اوقافی ادارے منشائے وقف کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوں گے اور ان کے تحت موجود اوقافی اراضیات کے تحفظ میں ناکام ہوں گے ان کے خلاف قانون اپنا کام کرے گا۔ انہوں نے اوقافی اداروں کے خلاف وقف بورڈ کی حالیہ کارروائیوں کے سلسلہ میں محکمہ میں کسی طرح کے اختلاف رائے کی تردید کی اور کہا کہ وقف بورڈ قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی میں آزاد ہے۔ واضح رہے کہ بعض گوشوں میں یہ افواہیں گشت کررہی تھیں کہ اسپیشل آفیسر کی حالیہ کارروائیوں کے مسئلہ پر محکمہ میں اختلاف رائے پایا جاتا ہے تاہم آج سید عمر جلیل نے ان افواہوں کا ازالہ کردیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ان کارروائیوں کے سلسلہ میں محکمہ کی جانب سے چیف سکریٹری کو رپورٹ پیش کی جارہی ہے تاکہ حکومت کو بھی باخبر رکھا جائے۔ اطلاعات کے مطابق انجمن سجادگان و متولیان کی نمائندگی پر چیف الکٹورل آفیسر بھنور لعل نے سکریٹری اقلیتی بہبود سے اسپیشل آفیسر کی کارروائیوں کے بارے میں وضاحت طلب کی۔ انجمن نے ان کارروائیوں کو انتخابی قواعد کی خلاف ورزی سے تعبیر کیا تھا۔ اسپیشل سکریٹری کے مطابق وقف بورڈ کی کارکردگی انتخابی قواعد کی خلاف ورزی کے تحت نہیں آتی اور یہ کارروائیاں معمول کی کارکردگی کا حصہ ہیں۔ اس سلسلہ میں چیف الیکٹورل آفیسر کو بھی رپورٹ روانہ کی جارہی ہے۔

TOPPOPULARRECENT