Sunday , September 23 2018
Home / ہندوستان / وقف متولیوں کیلئے سالانہ ایوارڈ کا اعلان

وقف متولیوں کیلئے سالانہ ایوارڈ کا اعلان

نئی دہلی 8 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر اقلیتی اُمور مختار عباس نقوی نے آج ملک بھر میں وقف جائیداد کی دیکھ بھال کرنے والے متولیوں کے لئے سالانہ ایوارڈ کا اعلان کیا تاکہ وقف جائیداد کے بہتر استعمال کو یقینی بنایا جاسکے۔ اُنھوں نے کہاکہ ملک بھر میں موجود وقف جائیداد سے تعلیم، روزگار، اسکل ڈیولپمنٹ اور صحت سے متعلق سرگرمیوں کا احاطہ کیا جائے گا۔ وقف جائیداد وہ ہے جسے کسی شخص نے معاشرہ کی فلاح اور بھلائی کے لئے وقف کردیا ہو۔ یہ مذہب اسلام میں ایک مذہبی فریضہ سمجھا جاتا ہے جس میں زمین جائیداد کا ایک حصہ فلاحی مقصد کے لئے وقف کیا جاتا ہے۔ نقوی سنٹرل وقف کونسل میں پہلے قومی متولی کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ اُنھوں نے کہاکہ مرکزی حکومت اُن تمام متولیوں کو ایوارڈس سے نوازے گی جو اس طرح کے وقف جائیدادوں کی دیکھ بھال اور اُن جائیدادوں سے ہونے والی آمدنی کے ذریعہ سماجی بھلائی کے کام کرتے ہیں، خاص کر لڑکیوں کی شرح خواندگی میں اضافہ کرنے اور دیگر فلاحی اقدامات پر عمل آوری کو بھی یقینی بناتے ہیں۔ واضح رہے کہ بہار، چندی گڑھ، دہلی، ہریانہ، ہماچل پردیش، پنجاب، اترپردیش اور اتراکھنڈ کے وقف متولیوں نے اس کانفرنس میں شرکت کی، جس میں بتایا گیا کہ آنے والے دنوں میں اسی طرح کی کانفرنس ملک کے دیگر حصوں میں بھی منعقد کی جائے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ اس طرح کی وقف جائیدادوں کا تحفظ اور ترقی مرکزی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے تاکہ اس کے ذریعہ مسلمانوں کی سماجی ، اقتصادی ، تعلیمی ترقی کو یقینی بنایا جاسکے۔ مختار عباس نقوی نے مزید کہاکہ سنٹرل وقف کونسل ریاستی وقف بورڈ کو مالی امداد فراہم کررہی ہے تاکہ وہ وقف ریکارڈ کو ڈیجٹلائزڈ کیا جاسکے لہذا ریاستی وقف بورڈ کو چاہئے کہ وہ وقت مقررہ کے اندر اِس کام کو مکمل کرلیں۔ اُنھوں نے مزید کہاکہ سنٹرل وقف کونسل کی جانب سے وقف جائیدادوں کے تحفظ ، انتظامی دیکھ بھال اور اُس کی ترقی کے لئے دیگر معاون عہدیدار اور زونل وقف آفیسر فراہم کئے جائیں گے۔

TOPPOPULARRECENT