Friday , November 24 2017
Home / Top Stories / ولیعہد ابوظہبی شیخ محمد کے دورۂ ہند سے این آر آئی بزنس مین کو بڑی توقعات

ولیعہد ابوظہبی شیخ محمد کے دورۂ ہند سے این آر آئی بزنس مین کو بڑی توقعات

پہلے سے نمایاں باہمی تجارتی تعلقات کو مزید جہت ملنے کی اُمید، دونوں ملکوں کی کمپنیوں کیلئے وسیع تر سرمایہ کاری مواقع
نئی دہلی 11 فروری (سیاست ڈاٹ کام) متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں مقیم ہندوستانی تاجرین نے ابوظہبی کے ولیعہد شیخ محمد بن زاید النیہان کے جاریہ دورہ ہندوستان کی ستائش کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ اِس سے دونوں بڑے تجارتی شراکت داروں کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔ کمل واچانی، گروپ ڈائرکٹر، المایا گروپ اور ریجنل ڈائرکٹر الیکٹرانکس اینڈ کمپیوٹر سافٹ ویر اکسپورٹ پروموشن کونسل برائے مشرق وسطیٰ نے کہاکہ یو اے ای ہندوستان کا تیسرا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔ باہمی تجارت قابل لحاظ شرح پر بڑھ رہی ہے اور اس دورہ سے تجارت اور سرمایہ کاری کو مزید جہت ملے گی۔ نیز ہندوستان اور یو اے ای کا رشتہ بھی فروغ پائے گا۔ واچانی نے کہاکہ ابوظہبی کراؤن پرنس کے اِس دورہ سے دونوں ملکوں کے درمیان نہ صرف تجارت بڑھے گی بلکہ بڑی تعداد میں یو اے ای اور ہندوستانی کمپنیوں نے ایک دوسرے کے ملک میں سرمایہ مشغول کرنے میں دلچسپی دکھائی ہے۔

رضوان ساجن، چیرمین دانوبے گروپ نے کہاکہ اعلیٰ سطح کے یو اے ای وفد کا دورہ اس سے بہتر کسی وقت نہیں ہوسکتا تھا۔ اُنھوں نے کہاکہ دونوں ملکوں کے تاریخی اور ثقافتی تبادلوں کی بنیاد پر گہرے اور دوستانہ روابط ہیں۔ ہمیں یو اے ای کے اِس اعلیٰ سطح کے وفد سے اونچی توقعات وابستہ ہیں۔ جبکہ اس دورہ کے موقع پر دونوں معیشتوں  کے اندرون سرمایہ کاری کے موقع سے استفادہ کیا جاسکے گا۔ یو اے ای کی سرکاری وام نیوز ایجنسی نے وزارت معیشت کی ایک رپورٹ کے حوالہ سے کہا ہے کہ یو اے ای اور ہندوستان کے درمیان روابط میں تیزی سے اور نمایاں ترقی دیکھی جارہی ہے۔ یو اے ای ۔ ہندوستان باہمی تجارت کی طاقت مسلسل بڑھ رہی ہے جیسا کہ ہندوستانی برآمدات عنقریب 100 بلین امریکی ڈالر تک پہونچ جانے اور 2030 ء تک دو طرفہ تجارتی تبادلہ 160 بلین ڈالر ہوجانے کی توقع ہے۔ یو اے ای کی وزارت معیشت کی جانب سے منعقدہ ایک جائزہ کے مطابق ہندوستان اس ملک کا نمبر ایک تجارتی شراکت دار ہے جس کا یو اے ای کی تیل سے ہٹ کر جملہ تجارت میں 9.8 فیصد حصہ ہے۔ خلیج ٹائمز میں شائع ایک کالم میں بتایا گیا کہ مشرق کی طرف توجہ دینا اب ایسا ہی اہم بن چکا ہے جیسا کبھی مغرب کی طرف توجہ دی جاتی تھی۔ لہذا یہ بالکل فطری بات ہے کہ چین، روس جیسے طاقتور ممالک اور اب ہندوستان کے تئیں تعلقات بڑھ رہے ہیں۔

ہند ، یو اے ای دونوں جگہ بصیرت افروز قیادت : راٹھوڑ
اس دوران مملکتی وزیر برائے اطلاعات و نشریات راجیہ وردھن سنگھ راٹھوڑ نے کہا ہے کہ ہندوستان اور یو اے ای دونوں جگہ بصیرت افروز قیادت کی موجودگی دونوں اقوام کے لئے خوش آئند ہے، نیز اِس سے خطہ میں بھی مثبت تبدیلی آئے گی۔ راٹھوڑ یہاں ورلڈ گورنمنٹ سمٹ کے موقع پر نیوز ایجنسی پی ٹی آئی سے بات کررہے تھے۔ انھوں نے کہاکہ ابوظہبی کے کراؤن پرنس شیخ محمد اور وزیراعظم نریندر مودی دونوں قائدین ویژن رکھتے ہیں۔ دوبئی علوم کا مرکز بن کر اُبھر رہا ہے اور دونوں ملکوں کے زبردست تجارتی تعلقات فروغ پارہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT