Saturday , November 18 2017
Home / کھیل کی خبریں / ولیمسن کے 1000 رنز مکمل ، نیوزی لینڈ کا مستحکم موقف

ولیمسن کے 1000 رنز مکمل ، نیوزی لینڈ کا مستحکم موقف

ڈینوڈین ۔ 12 ڈسمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) نیوزی لینڈ کے مڈل آرڈر بیٹسمین کین ولیمسن نے رواں سیزن ٹسٹ میں 1000 رنز مکمل کرلئے ہیں اور سری لنکا کے خلاف کھیلے جارہے پہلے ٹسٹ کے تیسرے دن میزبان ٹیم نے 308 رنز کی سبقت حاصل کرتے ہوئے مستحکم موقف حاصل کرلیا ہے ۔ مقابلے میں نیوزی لینڈ کو کامیابی سے صرف بارش ہی دور رکھ سکتی ہے کیونکہ تیسرے دن کھیل کے اختتام پر نیوزی لینڈ نے ایک وکٹ کے نقصان پر 171 رنز بنالئے ہیں۔ ٹام لیتھم 72 رنز بناکر وکٹ پر موجود ہیں جبکہ نیوزی لینڈ کے ماسٹر بیٹسمین ولیمسن 48 رنز بناچکے ہیں۔ ولیمسن نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز سال میں 992 کے ذریعہ کیا تھا اور انھوں نے مہمان اسپنر رنگنا ہیراتھ کی گیند پر باؤنڈری لگاتے ہوئے رواں سیزن 1000 رنز کی تکمیل کرلی ہے ۔ رواں سیزن 1000 رنز مکمل کرنے والے دیگر کھلاڑیوں کی فہرست میں انگلینڈ کے کپتان السٹر کک اور ان کے نوجوان ساتھی جیو روٹ کے علاوہ آسٹریلیا کے اوپنر ڈیوڈ وارنر اور اُن کے کپتان اسٹیو اسمتھ شامل ہیں جنھوں نے رواں سیزن 1000 رنز مکمل کرلئے ہیں۔

ولیمسن کا 2015 ء میں شاندار مظاہرہ رہا ہے ، جیسا کہ انھوں نے 94.54 کی اوسط سے دیگر 4 کھلاڑیوں کی بہ نسبت شاندار مظاہرہ کیا ہے ۔ ولیمسن نیوزی لینڈ کے لئے سال میں ٹسٹ کے 1000 رنز مکمل کرنے والے دوسرے بیٹسمین ہیں کیونکہ یہ اعزاز اب تک صرف برینڈن میک کلم کو حاصل تھا جنھوں نے 2014 ء میں 1164 رنز اسکور کئے ہیں۔ ولیمسن کی شاندار بیٹنگ کی بدولت نیوزی لینڈ نے نہ صرف مقابلے پر اپنی گرفت مضبوط کرلی ہے بلکہ مہمان ٹیم کو پہلی اننگز میں 294 رنز تک محدود کرتے ہوئے 137 رنز کی سبقت حاصل کرلی تھی ۔ ایک بہترین سبقت ملنے کے بعد گیپٹل اور لیتھم نے پہلی وکٹ کیلئے 79 رنز کی پارٹنرشپ نبھائی اور اس موقع پر ہیراتھ کے راسٹ تھرو کی وجہ سے گیپٹل 46 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے ۔ پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے گیپٹل نون پردیپ اور سرنگا لکمل کی جانب سے کیچ چھوڑے جانے کے بعد موقع کا فائدہ نہیں اُٹھاسکے ۔ نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز میں 431 رنز اسکور کئے تھے تو سری لنکا کو اس کے بیٹسمین دنیش چندیمل سے اُمیدیں تھیں کیونکہ وہ 83 رنز بناکر وکٹ پر موجود تھے لیکن دوسرے دن وہ مزید کوئی اسکور نہیں بناسکے ۔ نیوزی لینڈ کیلئے ٹم ساؤتھی نے 71 رنز اور ویاگنر نے 87 رنز کے عوض فی کس 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔

TOPPOPULARRECENT