Wednesday , June 20 2018
Home / شہر کی خبریں / ووٹر لسٹ کو آدھار سے مربوط کرنے کا فیصلہ

ووٹر لسٹ کو آدھار سے مربوط کرنے کا فیصلہ

بوگس ووٹرس کے اخراج اور صحیح معلومات پر تفصیلات جمع کرنے کی مہم

بوگس ووٹرس کے اخراج اور صحیح معلومات پر تفصیلات جمع کرنے کی مہم
حیدرآباد ۔ 14 ۔ فروری : ( پی ٹی آئی / سیاست نیوز ) : الیکشن کمیشن نے یکم مارچ سے آدھار نمبر کو فہرست رائے دہندگان سے مربوط کرنے کی مہم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ جس کا مقصد فہرست رائے دہندگان سے بوگس ووٹرس کو حذف کرتے ہوئے صحیح معلومات پر مبنی تفصیلات تیار کی جائیں ۔ چیف الیکشن کمشنر ہری شنکر برھما نے کہا کہ ’’ فہرست رائے دہندگان کو صحیح اور خالص بنانے ( ای آر پی اے ڈی ) مہم ملک کے تمام 676 اضلاع میں رواں سال 15 اگست تک مکمل کرلی جائے گی۔ مسٹر برھما نے فہرست رائے دہندگان کو آدھار سے مربوط کرنے سے متعلق ورکشاپ میں شرکت کے بعد کہا کہ اس مہم کا نظریہ ’’100 فیصد پکا ‘‘ ۔ فہرست رائے دہندگان پر مبنی صحیح قومی خاکہ تیار کرنا ہے ۔ انتخابی منشور پر عمل آوری نہ کرنے والی سیاسی جماعتوں کے خلاف کارروائی سے متعلق ایک سوال پر مسٹر برھما نے جواب دیا کہ ’’ ہم کیا سزاء دے سکتے ہیں ؟ ہم انہیں پھانسی پر تو نہیں لٹکا سکتے ۔ ہم انہیں ہلاک تو نہیں کرسکتے ۔ بہتر یہی ہے کہ یہ مسئلہ ووٹرس پر ہی چھوڑ دیا جائے ‘‘ ۔ اسمبلی حلقوں کی موجودہ تعداد 119 کو 153 تک بڑھا دینے حکومت تلنگانہ کی درخواست پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ اس کے لیے دستوری ترمیم کی ضرورت ہوگی اور مرکزی حکومت ہی کوئی فیصلہ کرسکتی ہے ۔ سیاست نیوز کے بموجب مسٹر برھما نے مری چناریڈی ادارہ برائے فروغ انسانی وسائل میں ورکشاپ سے خطاب کے دوران مزید کہا کہ ملک بھر میں تاحال 84 کروڑ ووٹرس شناختی کارڈس جاری کئے جاچکے ہیں جب کہ 74 کروڑ آدھار کارڈس کی اجرائی بھی عمل میں لائی جاچکی ہے ۔ بیک وقت شناختی کارڈس اور آدھار کارڈ رکھنے والوں کے درمیان اب صرف 10 کروڑ کا فرق رہ گیا ہے جو اندرون چھ ماہ مکمل کرلیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ووٹر شناختی کارڈ کو آدھار نمبر سے مربوط کیے جانے کے باوجود رائے دہی کے وقت آدھار کارڈ کی بنیاد پر نہیں بلکہ ووٹرس شناختی کی پیشکشی کے ذریعہ حق رائے دہی ادا کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن مابعد آزادی تاحال 17 عام انتخابات اور ریاستی اسمبلیوں کے 350 انتخابات منعقد کرچکا ہے لیکن فہرست رائے دہندگان سے بوگس ووٹرس کے اخراج کے دیرینہ مطالبہ کی تکمیل ممکن ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ یکم مارچ تا 15 اگست تمام ووٹرس الیکشن کمیشن آف انڈیا کے سرکاری ویب سائٹ یا کال سنٹرس کے ذریعہ اپنے آدھار کارڈ تفصیلات فراہم کرسکتے ہیں ۔ اس موقع پر الیکشن کمشنر ڈاکٹر نسیم زیدی ، آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے چیف الیکٹورل آفیسر بھنور لعل اور دوسرے موجود تھے ۔۔

TOPPOPULARRECENT