Thursday , January 17 2019

ووٹوں کی گنتی کے تمام تر انتظامات مکمل ‘ رجت کمار

صبح 8 بجے سے گنتی کا آغاز ہوگا ۔ دوپہر ایک بجے تک نتائج کا اعلان متوقع

حیدرآباد ۔10 ڈسمبر ( سیاست نیوز) ریاست اسمبلی انتخابات کے سلسلہ میں ووٹوں کی گنتی کے عمل کو شفاف بنانے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں ۔ چیف الکٹورل آفیسر مسٹر رجت کمار نے یہ بات بتائی اور اس توقع کا اظہار کیا کہ دوپہر ایک بجے تک تلنگانہ کے جملہ 119 اسمبلی حلقہ جات کے نتائج کا اعلان کیا جاسکتا ہے ۔ آج سکریٹریٹ میں اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے رجت کمار نے کہا کہ ریاست کے تمام مراکز پر ووٹوں کی گنتی کا آغاز ٹھیک آٹھ بجے ہوگا ۔ ابتدائی نصف گھنٹہ کے دوران پوسٹل بیالٹس کی گنتی عمل میں لائی جائیگی اور بعد ازاں الکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے ووٹوں کی گنتی شروع کی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست بھر میں جملہ 43 مراکز پر ووٹوں کی گنتی کی جائے گی اور ہر ووٹوں کی گنتی کے مرکز میں 14 ٹیبلس رکھے گئے ہیں ۔ چیف الکٹورل آفیسر نے بتایا کہ جملہ 2379 راؤنڈس میں ووٹوں کی گنتی مکمل کرلی جائے گی ۔ رجت کمار نے بتایا کہ حلقہ اسمبلی شیر لنگم پلی میں سب سے زیادہ 42 راؤنڈس میں ووٹوں کی گنتی کی جائیگی ۔ جبکہ سب سے کم راؤنڈس یعنی 15 راؤنڈس میں متعلقہ اسمبلی بیلم پلی کے ووٹوں کی گنتی عمل میں لائی جائیگی ۔ انہوں نے بتایا کہ تمام مقامات پر وی وی پیاٹس سلپس کی گنتی ہرگز ممکن نہیں ہے ۔ تاہم جہاں ضرورت محسوس ہوگی وہاں پر وی وی پیاٹس سلپس کی گنتی عمل میں لائی جائیگی ۔ اس سلسلہ میں باقاعدہ اجازت دی جائیگی اور ہر راؤنڈ کے مکمل ہونے کے بعد امیدواروں کو اعداد و شمار بتانے کے بعد نتیجہ کا اعلان کیا جائے گا ۔ ووٹوں کی گنتی میں شفافیت پیدا لانے لائیو رپورٹنگ کی اجازت دی جائے گی ۔ چیف الکٹورل آفیسر نے بتایا کہ الیکشن ایجنٹس کو ووٹوں کی گنتی کے مراکز میں داخل ہونے کی اجازت دی جائیگی لیکن ایک مرتبہ کوئی بھی مرکز میں داخل ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے تک باہر آنے کی اجازت نہیں دی جائیگی ۔ ووٹوں کی گنتی کے مراکز میںسیل فون لے جانے اور کیلکولیٹرس لے جانے کی اجازت نہیں رہیگی ۔ کسی کے پاس فون یا کیلکولیٹر پایا گیا تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ ہر حلقہ اسمبلی کے ووٹوں کی گنتی کے مرکز پر میڈیا پوائنٹ قائم کیا جائیگا اور صحیفہ نگاروں کو بھی ووٹوں کی گنتی کے مرکز میں آنے کی اجازت حاصل رہے گی ۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT