Thursday , December 14 2017
Home / کھیل کی خبریں / وِدیالیہ فائنل میں داخل ، فوکس اسکول کی پیش قدمی

وِدیالیہ فائنل میں داخل ، فوکس اسکول کی پیش قدمی

حیدرآباد۔ 16 اپریل (راست) اسکول اسپورٹس پراموشن فاؤنڈیشن (ایس ایس پی ایف) اور اسپورٹس اتھاریٹی آف انڈیا (ایس اے آئی) کے اشتراک سے کھیلے جارہے انٹر اسکول فٹبال ٹورنمنٹ میں کیندریہ ودیالیہ اسکول حکیم پیٹ نے آج متواتر اپنی چوتھی کامیابی حاصل کرتے ہوئے فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ آج کھیلے گئے ابتدائی مقابلہ میں خورشید جاہ پلے گراؤنڈس پر سینٹ مارک بوائز ٹاؤن اسکول اور گڈ فیتھ اسکول کے درمیان کھیلا گیا اہم مقابلہ بغیر کسی نتیجہ کے ختم ہوا۔ دن کے دوسرے مقابلے میں فوکس ہائی اسکول نے پروگریس ہائی اسکول کو یکطرفہ مقابلے میں 4-0 گول سے شکست دی۔ فاتح ٹیم کیلئے گول مشین کے نام سے مشہور زین العابدین نے 2 گول بنائے جبکہ قاسم اور مرتضیٰ نے فی کس ایک گول اسکور کیا۔ رواں ٹورنمنٹ کی دوسری فاتح ٹیم کا فیصلہ کل جہاں نما کے خورشید جاہ میدان پر گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول گولکنڈہ اور گڈ فیتھ اسکول کے درمیان کھیلے جانے والے لیگ کے آخری مقابلے کے نتیجہ پر ہوگا۔
ایس بی ایچ کی ٹیم فائنل میں داخل
درواہ۔16 اپریل (ای۔ میل) مہاراشٹرا میں رواں آل انڈیا فٹبال ٹورنمنٹ میں اسٹیٹ بینک آف حیدرآباد کی ٹیم نے سیمی فائنل میں ماؤ فٹبال کلب مدھیہ پردیش کو 3-0 سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ مقابلہ کے 7 ویں منٹ میں کمار نے پہلا گول اسکور کیا جس کے بعد 24 ویں منٹ میں عابد حسین رضوی نے دوسرا گول بناکر پہلا ہاف میں 2-0 کی سبقت دلوائی۔ تیسرا گول ڈیوڈ سن نے بنایا۔

TOPPOPULARRECENT