Sunday , December 17 2017
Home / جرائم و حادثات / وٹے پلی میں کارڈن اینڈ سرچ آپریشن

وٹے پلی میں کارڈن اینڈ سرچ آپریشن

موٹر سائیکلیںاور آٹوز ضبط ، 17 مشتبہ افراد زیرحراست
حیدرآباد 12 مئی (سیاست نیوز) غیر سماجی عناصر کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے اور مشتبہ افراد کی جانب سے جرائم میں ملوث ہونے کی روک تھام کے لئے ساؤتھ زون پولیس نے پھر ایک مرتبہ پرانے شہر میں کارڈن اینڈ سرچ آپریشن کیا جس کے تحت 17 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون مسٹر وی ستیہ نارائنا کی نگرانی میں 300 پولیس ملازمین بشمول 4 سی اے آر ہیڈکوارٹرس کے پلاٹونس، تلنگانہ اسپیشل پولیس کا ایک پلاٹون اور ہیڈ کوارٹر کا ایک خاتون پلاٹون نے فلک نما پولیس اسٹیشن حدود کے علاقہ وٹے پلی، گنٹال شاہ بابا نگر علاقہ میں کارڈن سرچ کیا۔ گھر گھر تلاشی مہم کے دوران پولیس ٹیموں نے 17 مشتبہ افراد جن میں بعض کا تعلق دیگر ریاستوں سے ہے ، کو حراست میں لے لیا گیا اور اُن کی تفتیش کی گئی بعدازاں اُنھیں سٹی کرائم ریکارڈ بیورو بھیجا گیا تاکہ اُن کے انگلیوں کے نشانات حاصل کئے جاسکیں اور کسی جرم میں ملوث ہونے کا پتہ چلایا جاسکے۔ پولیس نے اِس تلاشی مہم کے دوران 50 موٹر سیکلیں، 5 آٹوز جس کے دستاویزات نہیں تھے ضبط کرلئے۔ پولیس نے کارڈن سرچ آپریشن کے دوران دو تلوار اور خنجر بھی برآمد کرلئے اور اِس کارروائی کے دوران غیر قانونی طور پر چلائے جارہے واٹر پلانٹ، برف کی فیکٹری اور دیگر کا بھی پتہ لگایا گیا۔ اِس سلسلہ میں مسٹر ستیہ نارائنا نے بتایا کہ اُنھیں بے حد خوشی ہے کہ کارڈن سرچ آپریشن کے لئے پرانے شہر کے عوام پولیس سے زبردست تعاون کررہے ہیں اور پرانے شہر میں عوام کے تحفظ اور غیر قانونی سرگرمیوں کے انسداد کے لئے ایسی کارروائیاں وقفہ وقفہ سے کی جائیں گی۔

TOPPOPULARRECENT