Friday , April 20 2018
Home / دنیا / ویتنام میں ٹرمپ ۔ پوٹن ملاقات نہیں ہوگی

ویتنام میں ٹرمپ ۔ پوٹن ملاقات نہیں ہوگی

روس اور امریکہ کے متضاد اشاروں کے درمیان وائیٹ ہاؤز کا اعلان
دانانگ ۔ 10 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ویتنام میں جاری علاقائی چوٹی کانفرنس کے موقع پر امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ اپنے روسی ہم منصب ولادیمیر پوٹن سے ملاقات نہیں کریں گے۔ امکانی ملاقات کے بارے میں دونوں طرف سے ملے جلے اشارے دیئے جانے کے بعد وہائیٹ ہاؤز نے یہ اعلان کیا ہے۔ امریکہ میں جاری تحقیقات میں ٹرمپ کی صدارتی مہم کے بعض رفقاء پر روسی قصرصدارت کریملن سے مربوط بعض عہدیداروں سے خفیہ ملاقات کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے لیکن یہ ایک ایسا الزام بھی ہے جس کی روس نے تردید کی ہے۔ اس واقعہ کے بعد ماسکو اور واشنگٹن کے تعلقات میں سردمہری پیدا ہوئی ہے۔ ویتنام کے شہر دانانگ میں جاری ایشیائی بحرالکل اقتصادی تعاون فورم کی چوٹی کانفرنس میں شرکت کررہے ہیں جہاں ان دونوں کی دو بہ دو ملاقات کے بارے میں متضاد اشارے مل رہے تھے۔ امریکی صدر کے خصوصی طیارہ ایرفورس ون کے وینامی ساحلی تفریح گاہ پہنچنے کے فوری بعد وہائیٹ ہاؤز پریس سکریٹری سارا سینڈرس نے کہا کہ ’’جہاں تک پوٹن سے ملاقات کی بات ہے۔ ایسی کسی ملاقات کی کوئی توثیق ہی نہیں کی گئی تھی اور ایسی کوئی ہو بھی نہیں سکتی جو جانبین کے پہلے سے مقررہ پروگراموں سے متصادم ہوسکتی ہے‘‘۔ تاہم ماسکو نے جمعہ کوملاقات کے امکان کو مسترد نہیں کیا تھا۔ پوٹن کے ترجمان دیمتری پسکوف نے کہا تھا کہ ’’یہ (ملاقات کا) امکان ہنوز واضح نہیں ہے‘‘۔ قبل ازیں ٹرمپ اور ماسکو نے اشارہ دیا تھا کہ ویتنام میں روس۔ امریکہ چوٹی ملاقات ہوسکتی ہے۔ امریکی صدر پوٹن نے گذشتہ اتوار کو کہا تھا کہ ’’شمالی کوریا کے نیوکلیئر عزائم پر بات چیت کیلئے یہ توقع کی جارہی ہیکہ ہم پوٹن سے ملاقات کریں گے‘‘۔ جس کے چار دن بعد کریملن کے اہلکار یوری اوشاکوف نے کہا تھا کہ دونوں قائدین ویتنام میں ملاقات کریں گے جس کے وقت اور مقام کا ہنوز تعین طلب ہے۔

 

TOPPOPULARRECENT