Tuesday , August 21 2018
Home / کھیل کی خبریں / ویراٹ جوڑی ’’ملک دشمن‘‘:بی جے پی لیڈرپنالال

ویراٹ جوڑی ’’ملک دشمن‘‘:بی جے پی لیڈرپنالال

نئی دہلی۔20 ڈسمبر(سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی رہنما نے اٹلی میں شادی کرنے پر ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی اور اداکارہ انوشکا شرما کو غیر محب وطن قرار دیدیا۔ مدھیہ پردیش کے رکن اسمبلی پنالال شاکیہ نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوہلی نوجوانوں کے آئیڈیل بننے کے قابل نہیں، شادی کی تقریب کیلئے اس نے اپنے ملک ہندوستان کے بجائے ایک غیر ملک کو ترجیح دی۔مدھیہ پردیش کے بی جے پی رکن اسمبلی پنا لال شاکیا نے ویراٹ کوہلی کے ہندوستان کے بجائے اٹلی میں شادی کو ’’ملک دشمن‘‘ قرار دیتے ہوئے ایک نیا تنازعہ کھڑا کردیا ہے۔ پنا لال نے کہا کہ بھگوان رام اور بھگوان کرشن نے ہندوستان کی سرزمین پر شادی کی تھی لیکن یہ آدمی (ویراٹ) شادی کیلئے اٹلی گیا اور وہ ایک ’’سچا دیش بھگت‘‘ نہیں ہوسکتا۔ بی جے پی رکن اسمبلی نے مزید کہا کہ ویراٹ نے ہندوستان میں شہرت اور دولت حاصل کی لیکن شادی کے لئے اٹلی کا رُخ کیا حالانکہ یہ زمین بھگوان رام اور بھگوان کرشن کی سرزمین بھی ہے۔ پنا لال نے اپنے متنازعہ بیان میں مزید کہا کہ کوہلی نوجوان کیلئے ایک مثالی شخصیت نہیں ہوسکتے ۔ وزیراعظم نریندر مودی کی اسکیم ’’اِسکل انڈیا سنٹر‘‘ کے افتتاح کے موقع پر بی جے پی لیڈر نے ویراٹ کوہلی کی بیوی اداکارہ انوشکا شرما کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ اطالوی ڈانسر ہندوستان میں بلینر بن گئی ۔ دوسری جانب کانگریس نے پنا لال کی تنقید کو مسترد کرتے ہوئے اسے گجرات انتخابات کے نتائج کا ردعمل کہا ہے۔

TOPPOPULARRECENT