Sunday , November 19 2017
Home / کھیل کی خبریں / ویراٹ کوہلی سے موازنہ اعزاز:بابراعظم

ویراٹ کوہلی سے موازنہ اعزاز:بابراعظم

کراچی۔8 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام )پاکستانی نوجوان بیٹسمین بابر اعظم نے ہندوستان کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی سے اپنا موازنہ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان کی رن مشین سے ان کا کوئی مقابلہ نہیں۔ میرے کیریئر کی ابھی ابتداء ہے جبکہ حریف کپتان عظیم بیٹسمین ہیں تاہم ان جیسا کہلایا جانا بہت اچھا لگتا ہے۔ ٹوئٹر پر ہونے والے ایک چیاٹ سیشن کے دوران کسی پرستار نے نوجوان پاکستانی بیٹسمین بابر اعظم سے سوال کیا کہ جب انہیں پاکستان کا کوہلی کہا جائے تو کیسا لگتا ہے جس پر فوری جواب دیا کہ ان کا ہندوستانی کپتان سے کوئی مقابلہ نہیں کیونکہ کوہلی ایک عظیم بیٹسمین اور رن مشین ہیں جبکہ انہوں نے تو ابھی کیریئر کا آغاز ہی کیا ہے تاہم یہ ایک علیحدہ بات کہ ان جیسا کہلایا جانا بہت اچھا لگتا ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ برس پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے بھی اپنے ایک بیان میں اس بات کی نشاندہی کی تھی کہ 22 سالہ کھلاڑی کو دیکھ کر کوہلی کی یاد آجاتی ہے جو اس عمر میں اتنے ہی اچھے بیٹسمین تھے۔ مکی نے آسٹریلیا کیخلاف گزشتہ ٹسٹ سیریز کے دوران واضح الفاظ میں کہا تھا کہ بابر اعظم ابھرتا ہوا غیر معمولی صلاحیت کا مالک کھلاڑی ہے اور ان کی رائے ممکن ہے کہ بہت زیادہ بلند سمجھی جائے لیکن اس عمر میں کوہلی بھی اتنے ہی بہترین بیٹسمین تھے اور بابر اعظم نے بھی اسی مقام کو حاصل کر لیا ہے اور مستقبل میں پاکستانی بیٹسمین سے بڑی توقعات وابستہ ہیں۔ واضح رہے کہ بابر اعظم نے چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں ہندوستان کیخلاف 46 رنز کی اننگز کھیلی تھی اور وہ اپنے ونڈے کیریئر کے دوران 31 میچوں میں پانچ سنچریوں اور چھ نصف سنچریوں کی مدد سے 1455 رنز بنائے ہیں جبکہ ان کو ٹسٹ کرکٹ میں بھی قابل اعتماد بیٹسمین سمجھا جاتا ہے جو ہیڈ کوچ مکی کے مطابق مستقبل کے عظیم بیٹسمینوں میں سے ایک ہیں۔

TOPPOPULARRECENT