Wednesday , April 25 2018
Home / کھیل کی خبریں / ویراٹ کوہلی نے اظہر اور گیل کے زیادہ ونڈے رنز کا ریکارڈ توڑا

ویراٹ کوہلی نے اظہر اور گیل کے زیادہ ونڈے رنز کا ریکارڈ توڑا

بطور کپتان زیادہ رنز بنانے والے چوتھے ہندوستانی بلے باز

جوہانسبرگ ۔ /11 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ٹیم کے کپتان اور اسٹار بلے باز ویراٹ کوہلی نے ونڈے انٹر نیشنل کرکٹ میں سابق ہندوستانی کھلاڑی محمد اظہرالدین اور ویسٹ انڈیز بلے باز کرس گیل کے زیادہ رنز کا ریکارڈ توڑدیا ۔ اس طرح کوہلی زیادہ رنز بنانے والے ہندوستان کے پانچویں اور دنیا کے 16 ویں بلے باز بن گئے ہیں ۔ انہوں نے گزشتہ روز جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گئے چوتھے ایک روزہ میچ میں شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 75 رنز کی دلکش اننگز کھیل کر یہ اعزاز حاصل کیا ۔ اظہر الدین نے 9378 اور گیل نے 9420 رنز بنا رکھے تھے جبکہ کوہلی نے 206 میچیز میں 34 سنچریوں اور 46 نصف سنچریوں کی مدد سے 9423 رنز بنارکھے ہیں ۔ ہندوستان کی جانب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز سچن تنڈولکر کو حاصل ہے جنہوں نے 18426 رنز بنارکھے ہیں ۔ سابق کپتان گنگولی 11363 رنز بناکر دوسرے ، راہول ڈراویڈ 10889 رنز بناکر تیسرے اور مہندر سنگھ دھونی چوتھے نمبر پر ہیں ۔ اس کے ساتھ ویراٹ کوہلی زیادہ رنز بنانے والے چوتھے ہندوستانی کپتان بن گئے ہیں ۔ انہوں نے راہول ڈراویڈ کا بحیثیت کپتان زیادہ رنز کا ریکارڈ توڑدیا ہے ۔ ڈراویڈ نے کپتان کی حیثیت سے 2658 رنز بنارکھے تھے جبکہ کوہلی نے بطور کپتان 47 میچوں کی 44 اننگز میں 2703 رنز بنائے ہیں ۔ دھونی 6633 رن بنا کر پہلے اور 5169 رنز کے ساتھ اظہرالدین دوسرے اور 5104 رنز کے ساتھ کوہلی تیسرے نمبر پر موجود ہیں ۔

TOPPOPULARRECENT