Tuesday , February 20 2018
Home / کھیل کی خبریں / ویسٹ انڈیزکا دورہ پاکستان آئندہ سال تک ملتوی

ویسٹ انڈیزکا دورہ پاکستان آئندہ سال تک ملتوی

کراچی۔7نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) خراب موسم اور ویسٹ انڈیز کے کھلاڑیوں کی بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں مصروفیت کے سبب ویسٹ انڈیز کا دورہ پاکستان ملتوی کردیا گیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ عہدیدار نے کہا کہ لاہور میں کہر اور ویسٹ انڈیزکھلاڑیوں کی بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں مصروفیات رواں سال ویسٹ انڈین ٹیم کے دور پاکستان کی راہ میں حائل ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی سی بی اور ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے نومبر میں دورے پر اتفاق کیا تھا لیکن کہر اور دیگر وجوہات کے سبب دونوں بورڈ سیریز کیلئے معاملات کو انجام تک پہنچانے کیلئے کوشاں تھے تاہم پاکستان سوپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن تک سیریز کا انعقاد ممکن نہ تھا جس کا اختتام مارچ 2018 میں ہو گا۔عہدیدار نے واضح کیا کہ ویسٹ انڈیز نومبر کے آخر میں بھی آسکتی تھی لیکن پی سی بی اس طرح کا خطرہ مول نہیں لینا چاہتا تھا کیونکہ کہر کی وجہ سے ان حالات میں آئی سی سی میچ ریفری میچز کے انعقاد کی اجازت نہیں دیتے اور محکمہ موسمیات نے بھی واضح نہیں کیا کہ آخر کہر کب تک جاری رہے گی لہٰذا باہمی مشاورت اور رضامندی سے فیصلہ کیا گیا کہ فی الحال سیریز کو ملتوی کردیا جائے اور اسے آئندہ سال قبل از وقت منعقد کروانے کی کوشش کی جائے۔ذرائع کے مطابق چند ویسٹ انڈیز کے کھلاڑیوں نے بھی دورہ پاکستان کے حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا اور ویسٹ انڈیز کرکٹ اسوسی ایشن بھی پاکستان میں کھلاڑیوں کی سکیورٹی کے حوالے سے اپنی تشویش کا اظہار کر چکی تھی۔علاوہ ازیں ویسٹ انڈیز ٹیم کے دورہ نیوزی لینڈ کی وجہ سے پی سی بی اور ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کو سیریز ترتیب دینے میں مشکلات کا سامنا رہا۔ذرائع نے مزید تصدیق کی کہ ویسٹ انڈیز بورڈ چاہتا ہے کہ پاکستانی ٹیم بھی 2018 میں ویسٹ انڈیز کا دورہ کرے یا پھر پاکستان کرکٹ بورڈ اپنے ملک میں ہونے والی مجوزہ سیریز کا منافع برابری کی بنیاد پر تقسیم کرے۔

TOPPOPULARRECENT