Friday , December 15 2017
Home / کھیل کی خبریں / ویسٹ انڈیز کو ہرانے کیلئے بہترین کھیلنا ہو گا : سرفراز

ویسٹ انڈیز کو ہرانے کیلئے بہترین کھیلنا ہو گا : سرفراز

دبئی ، 21 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور ٹی20 کپتان سرفراز احمد کا ماننا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی چمپینس ویسٹ انڈیز کو ہرانے کیلئے اُن کی ٹیم کو اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔ دبئی اسپورٹس سٹی کی آئی سی سی اکیڈمی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرفرازنے کہا کہ ہ اچھی کرکٹ کھیل رہے ہیں اور ہمارا مقصد یہاں بھی اچھی کرکٹ کھیل کر انہیں ہرانا ہے۔ انگلینڈ کو واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں شکست سے دوچار کرنے والی پاکستانی ٹیم کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھنے کیلئے پرعزم ہے۔ کوچ آرتھر نے ٹیم کی کارکردگی پر خوشی کا اظہار کیا لیکن ساتھ ساتھ خبردار کیا کہ ویسٹ انڈیز ایک خطرناک ٹیم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز ایک بہترین ٹی ٹوئنٹی ٹیم ہے، وہ اس ورلڈ ٹی ٹوئنٹی چمپینس ہیں۔ لہٰذا آپ ان حالات میں بھی انہیں آسان تصور کرنے کی غلطی نہیں کر سکتے۔ کوچ نے واضح کیا کہ ویسٹ انڈیز کے حالات بھی پاکستان سے ملتے جلتے ہیں، اس لئے وہ ایک خطرناک حریف ثابت ہو سکتے ہیں اور ہمیں انہیں ہرانے کیلئے بہت اچھا کھیل پیش کرنا ہو گا۔ مکی آرتھر نے ٹیم پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ٹیم میں کسی بھی حریف کو ہرانے کی صلاحیت موجود ہے۔ وقار یونس کے استعفے کے بعد مئی میں نیشنل ٹیم کے کوچ کی ذمے داریاں سنبھالنے والے آرتھر نے مزید کہا کہ ہم نے بہت ونڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے ہیں اور ہم میں صلاحیت موجود ہے اور اسی لئے ہم ہر چیلنج کیلئے تیار ہیں۔ پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف ٹسٹ سیریز میں عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے سیریز 2-2 سے ڈرا کی لیکن ایک روزہ میچوں میں اسے لگاتار چار میچوں کی شکست کے بعد کلین سویپ شکست کا سامنا تھا۔ تاہم پاکستان نے عمدہ واپسی کرتے ہوئے آخری میچ جیتنے کے ساتھ ساتھ واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی یکطرفہ مقابلے کے بعد انگلش ٹیم کو شکست سے دوچار کیا اور ان دو فتوحات کے بعد اُن کے حوصلے بلند ہیں۔

TOPPOPULARRECENT