Saturday , September 22 2018
Home / کھیل کی خبریں / ویسٹ انڈیز کے مقابلے کراچی میں کروانے کا اعلان:پی سی بی

ویسٹ انڈیز کے مقابلے کراچی میں کروانے کا اعلان:پی سی بی

کراچی۔12 مارچ (سیاست ڈاٹ کام )چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نجم سیٹھی نے کراچی کے شہریوں کو بڑی خوشخبری سناتے ہوئے ویسٹ انڈیز کے دورہ پاکستان کے تینوں ٹوئنٹی20 مقابلے کراچی میں کروانے کا اعلان کیا ہے۔نجم سیٹھی نے کہا کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ٹی20 میچوں کی سیریز یکم تا 4اپریل کے دوران کھیلی جائے گی اور سیریز کے تینوں میچز کراچی میں کھیلے جائیں گے۔انہوں نے اپنی اگلی ٹوئٹ میں کہا کہ لاہور نے زمبابوے، ورلڈ الیون، پی ایس ایل فائنل اور سری لنکا کی میزبانی کی اور اب پی ایس ایل فائنل اور دورہ ویسٹ انڈیز کے ذریعے کراچی کے پاس چمکنے کا موقع ہے۔انہوں نے کہا کہ پی سی بی کے اس اقدام کی وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مکمل حمایت کی۔میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ چند گھنٹے قبل ہی ویسٹ انڈیز کرکٹ حکام نے تصدیق کی ہے کہ وہ یکم، دو اور 4 اپریل کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں میچز کھیلیں گے۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں کرکٹ کی واپسی کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے بہت محنت کی ہے۔ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو مارچ کے آخر میں پاکستان کے دورے پر آنا تھا لیکن ورلڈ کپ کوالیفائرز کیلئے ویسٹ انڈین کھلاڑیوں کی مصروفیت اور دیگر وجوہات کے سبب اب دونوں ٹیموں کے درمیان اپریل میں سیریز کھیلی جائے گی۔واضح رہے کہ 2009 میں سری لنکائی ٹیم پر لاہور میں دہشت گردوں کے حملے کے بعد سے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے بند ہیں اور سیکیورٹی وجوہات کے سبب ٹیمیں پاکستان آنے سے انکار کرتی رہی ہیں۔کراچی میں آخری بین الاقوامی میچ 2009 میں کھیلا گیا تھا جب سری لنکا اور پاکستان کے درمیان سیریز کا پہلا ٹسٹ میچ کھیلا گیا اور اس وقت کے کپتان یونس خان نے ٹرپل سنچری بنا کر اس میچ کو یادگاربنایا تھا۔تاہم اسی سیریز کے دوسرے ٹسٹ میچ میں سری لنکا ٹیم کے اسٹیڈیم جاتے وقت دہشت گردوں نے لاہور میں مہمان کھلاڑیوں کی بس کو نشانہ بنایا تھا اور پاکستان پر عالمی کرکٹ کے دروازے بند ہو گئے تھے۔اس دوران پی سی بی نے پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کی متعدد کوششیں کیں لیکن وہ کارگرد ثابت نہ ہو سکیں تاہم بورڈ کو پہلی کامیابی اس وقت ملی جب 2015 ورلڈ کپ کے بعد زمبابوے کی ٹیم نے پاکستان کا مختصر دورہ کیا تھا۔تاہم اس کے بعد ایک مرتبہ پھر طویل خاموشی طاری ہو گئی اور متعدد کوششوں کے باوجود بنگلہ دیش سمیت کسی بھی ٹیم نے پاکستان آنے پر رضامندی ظاہر نہیں کی۔پاکستان سوپر لیگ کے پہلے ایڈیشن کے کامیابی سے انعقاد کے بعد پی سی بی نے دوسرے ایڈیشن کا فائنل لاہور میں کرا کر بڑی کامیابی حاصل کی اور بورڈ عالمی دنیا کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔پی سی بی کو ان کوششوں کا جلد ہی ثمر مل گیا اور ورلڈ الیون نے تین ٹی20 میچوں کیلئے پاکستان کا دورہ کیا جس کے بعد سری لنکا کی ٹیم نے بھی لاہور میں ایک ٹی20 میچ کھیل کر ملک کو عالمی کرکٹ کیلئے محفوظ ملک کا درجہ دلوا دیا۔تاہم ابھی تک تمام میچز کی میزبانی صرف لاہور شہر نے کی تھی اور ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی مکمل بحالی کا خواب اس وقت تک پورا نہیں ہو سکتا تھا جب تک دیگر شہروں خصوصاً کراچی میں میچز کا انعقاد ممکن نہیں ہوتا۔

TOPPOPULARRECENT