Wednesday , December 12 2018

ویلفیر پارٹی کی ’تلنگانہ 5 نکاتی احتجاجی ایجنڈہ ‘پر مہم کا اعلان

پارٹی کی یوم تاسیس تقریب ، پرچم کشائی ، جناب سید شفیع اللہ قادری کا خطاب

پارٹی کی یوم تاسیس تقریب ، پرچم کشائی ، جناب سید شفیع اللہ قادری کا خطاب
حیدرآباد۔19 اپریل (پریس نوٹ) ویلفیر پارٹی آف تلنگانہ نے ریاست بھر میں پانچ نکاتی ایجنڈہ پر احتجاجی پروگرامس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت ضلع اور منڈل کے علاوہ شہر کی سطح پر بھی احتجاج، دھرنے اور ریالیاں منعقد کی جائیں گی۔ صدر ویلفیر پارٹی سید شفیع اللہ قادری نے کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے تحویل اراضی بل، ملک بھر میں فرقہ وارانہ ماحول کی غیرمعلنہ سرپرستی، ریاستی حکومت کی جانب سے مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات کا وعدہ اور پھر اس پر عمل آوری میں سست رفتاری، حالیہ انکاؤنٹر اور اس کی تحقیقات سے کنارہ کشی اور مخالف عوام لیبر پالیسیوں جیسے موضوعات پر پارٹی اپنا احتجاجی پروگرام ترتیب دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان پانچ نکات پر پارٹی اپنے ریاست بھر میں مہم چلائی گے۔ اس مہم کے دوران پارٹی کارکنوں اور ریاستی قائدین شرکت کریں گے۔ پارٹی کی چوتھی یوم تاسیس کے موقع پر ویلفیر پارٹی تلنگانہ کے دفتر میں پارٹی پرچم لہرانے کے بعد انہوں نے اس بات کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی اپنے قیام کے مقاصد کو پورا کرنے کے لئے جمہوری انداز میں عوامی جدوجہد کو جاری رکھے گی۔ اس موقع پر ریاستی جنرل سیکریٹری سید فخرالدین علی احمد نے کہا کہ ویلفیر پارٹی ریاست میں ایک متبادل سیاسی گروپ کی حیثیت سے عوامی مسائل کو حل کرنے کی کوشش کرے گی۔ اس کے علاوہ حکومت کی مخالف عوام پالیسیوں کے خلاف بھرپور انداز میں اپنی آواز اٹھائے گی۔ عوامی حقوق کو سلف کرنے والی کسی بھی پالیسی کو ویلفیر پارٹی برداشت نہیں کرے گی۔ فخرالدین علی احمد نے کہا کہ اپنے قیام سے اب تک پارٹی نے کئی مسائل پر عوام کی نمائندگی کرتی آئی ہے اور آگے بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ پارٹی نائب صدر وسیم الدین احمد نے کہا کہ ویلفیر پارٹی ریاست میں ایک شفاف سیاسی ماحول پیدا کرنا چاہتی ہے اور اس کے لئے تمام دستوری ذرائع کا استعمال کرے گی۔ عوامی مسائل کے ٹھوس حل کے لئے جدوجہد پارٹی کا بنیادی مقصد رہے گا۔ ریاستی کیڈر سے خواہش کی کہ وہ آئندہ ماہ شروع ہونے والی ریاست گیر مہم کے لئے تیار ہیں۔ اس موقع پر ریاستی سیکریٹری کمال اطہر، سٹی کنوینر عقیل احمد، غفران رضوان، عبدالرشید، محمد عمران، عبدالنعیم، مکرم، معز، عبدالخالق، حبیب الرحمن اور دیگر پارٹی قائدین موجود تھے۔ پارٹی قائدین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پارٹی کے قیام کے مقاصد کو پورا کرنے اور عوام کی فلاح کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

TOPPOPULARRECENT