Wednesday , April 25 2018
Home / ہندوستان / ویلنٹائن ڈے : وی ایچ پی اور بجرنگ دل کارکن جوڑوں کو دھمکانے کے الزام میں گرفتار

ویلنٹائن ڈے : وی ایچ پی اور بجرنگ دل کارکن جوڑوں کو دھمکانے کے الزام میں گرفتار

احمدآباد ۔ 14 فبروری ۔( سیاست ڈاٹ کام ) وی ایچ پی اور اس کی ملحقہ تنظیم بجرنگ دل کے تقریباً 10 کارکنوں کو آج گرفتار کرلیا گیا جبکہ اُنھوں نے نوجوان جوڑوں کو جو دریائے سابرمتی کے کنارے یوم ویلنٹائن کے سلسلے میں جمع ہوگئے تھے ڈراکر بھگانے کی کوشش کی ۔ وشوا ہندو پریشد نے دعویٰ کیا کہ اس نے جوڑوں سے صرف اس مقام سے چلے جانے کیلئے کہا ۔ یہ ایک نوجوانوں میں مقبول مقام ہے اور وی ایچ پی کے کارکنوں نے کسی پر کوئی حملہ نہیں کیا ۔ اطلاع ملتے ہی دائیں بازو کی تنظیموں کے کارکن دریا کنارے پہونچ گئے ۔ پولیس کو بھی موقع واردات پر روانہ کردیا گیا جس نے اُن تمام کو حراست میں لے لیاجو جوڑوں کو دھمکا رہے تھے اور اُن سے چلے جانے کے لئے کہہ رہے تھے ۔ دریائے سابرمتی کے کنارے پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر ایس جے بلوچ نے کہا کہ بھاری تعداد میں پولیس اس مقام پر تعینات کی گئی ہے تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آنے پائے ۔ بعض ویڈیو فلموں میں جو راہگیروں نے اس واقعہ کی تیار کی ہیں کئی افراد بھگوا جھنڈے لہراتے ہوئے اور لاٹھیاں لہراتے ہوئے جوڑوں کو اس مقام سے روانہ ہونے کی دھمکیاں دیتے ہوئے نظر آتے ہیں۔ ، کارکن ان افراد کا پیچھا کررہے تھے اور جوڑوں کو خوفزدہ کررہے تھے ۔ کل وی ایچ پی کی مقامی شاخ نے کہا تھا کہ وہ دریا کے کنارے یوم ویلنٹائن تقاریب کے دوران احتجاجی دھرنا دیں گے ۔ کیونکہ یہ ہندوستانی تہذیب کے خلاف ہے ۔ واقعہ کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے وی ایچ پی کے ذرائع ابلاغ سے رابطہ کار شمالی گجرات ہیمندرا ترویدی نے کہاکہ جیسا کہ ہم نے اعلان کیا تھا ، وی ایچ پی اور بجرنگ دل کے ارکان نے آج دریا کنارے احتجاجی مظاہرے کئے اور جوڑوں کو روانہ ہونے کی تلقین کی ۔ کسی پر بھی حملہ نہیں کیا گیا لیکن ہمارے کئی کارکنوں کو پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ انھوں نے کہاکہ یوم ویلنٹائن ہندوستانی تہذیب و تمدن کے خلاف ہے ۔ اس لئے وشواہندو پریشد اور بجرنگ دل یہ دن منانے والے نوجوان جوڑوں کے خلاف کارروائی کررہی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT