Monday , November 20 2017
Home / کھیل کی خبریں / ویلنگٹن ٹسٹ کا پہلا دن آسٹریلیا کے نام

ویلنگٹن ٹسٹ کا پہلا دن آسٹریلیا کے نام

ویلنگٹن۔ 2 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام )  جوش ہیزل ووڈ کی شاندار بولنگ کے سبب آسٹریلیا۔ نیوزی لینڈ کے درمیان پہلے دن کا کھیل آسٹریلیا کے نام رہا جہاں میزبان ٹیم 183 رنز بناکر ڈھیر ہو گئی۔پہلے ٹسٹ میں آسٹریلیا نے بولنگ کیلئے سازگار پچ پر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو ابتدا میں ہی اس وقت درست ثابت ہوا جب ہیزل وڈ اور پیٹر سڈل نے کیوی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کردیا۔میزبان ٹیم صرف 51 رنز پر پانچ مستند بلے باز گنوا کر شدید مشکلات سے دوچار تھی اور ایسا محسوس ہوتا تھا کہ شاید 100 رنز کے اندر اندر کیویز کی بساط لپٹ جائے گی۔اس موقع پر کوری اینڈرسن اورجے واٹلنگ نے 37 رنز کی شراکت قائم کی ۔ لیون نے ٹم ساؤدھی کو آؤٹ کر کے کیویز کو 137 رنز پر ہی نویں وکٹ سے محروم کردیا۔اس مشکل وقت میں مارک کریگ نے ٹرینٹ بولٹ کے ساتھ دسویں وکٹ کیلئے قیمتی 46 رنز جوڑ کر ٹیم کا مجموعہ 183 تک پہنچا دیا۔آسٹریلیا کی جانب سے ہیزل وڈ نے چار جبکہ سڈل اور لیون نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں آسٹریلیا کا آغاز بھی تباہ کن تھا اور ٹم ساؤدھی نے صرف پانچ کے مجموعی اسکور پر دونوں اوپنرز جو برنز اور ڈیوڈ وارنر کو پویلین لوٹا دیا۔تاہم کپتان اسٹیون اسمتھ اور عثمان خواجہ نے تیسری وکٹ کیلئے 126 رنز جوڑے۔کیویز کو جلد ہی چوتھی کامیابی اس وقت ملی جب ڈگ بریسویل نے ایڈم ووجز کو پویلین لوٹا دیا تاہم امپائر نے اسے متنازع انداز میں نوبال قرار دیا۔ کھیل کے اختتام پر آسٹریلیا 147/3رنز بنائے تھے، عثمان 57 اور ایڈم ووجز سات رنز بنا کر کھیل رہے ہیں۔آسٹریلیا کو نیوزی لینڈ کی پہلی اننگ کا اسکور برابر کرنے کیلئے مزید محض 36 رنز درکار ہیں جبکہ اس کی سات وکٹیں باقی ہیں۔

TOPPOPULARRECENT