Monday , December 11 2017
Home / کھیل کی خبریں / ویمنس ورلڈ T20: انگلینڈ نے انڈیا کو ہرایا میزبانوں کیلئے ٹورنمنٹ میں مشکل ہوگئی، ویسٹ انڈیز اگلے حریف

ویمنس ورلڈ T20: انگلینڈ نے انڈیا کو ہرایا میزبانوں کیلئے ٹورنمنٹ میں مشکل ہوگئی، ویسٹ انڈیز اگلے حریف

دھرمشالا ، 22 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 میں خواتین کے مقابلوں میں آج انگلینڈ نے ہندوستان کو دلچسپ مقابلے کے بعد دو وکٹوں سے شکست دے دی۔ یہاں ہندوستانی خواتین کی جانب سے دیئے گئے 91 رنز کا ٹارگٹ انگلینڈ نے 19 اوورز میں حاصل کرلیا۔ انگلینڈ کی جانب سے ٹیمی بومونٹ 20 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہیں۔ میزبانوں کی طرف سے ایکتا بشٹ نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل انگلینڈ کی خواتین نے ٹاس جیت کر پہلے میزبانوں کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ انڈین ویمنس نے مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 90 رنز بنائے۔ ہرمن پریت کور نمایاں بلے باز رہیں جنھوں نے 26 رنز بنائے۔ انگلینڈ کی جانب سے ہیتھر نائٹ نے تین اور انیا شربسول نے دو وکٹیں حاصل کئے۔ اس شکست نے ہندوستان کو مشکل میں ڈال دیا ہے جیسا کہ کپتان میتھالی راج نے کہا کہ اب انھیں ویسٹ انڈیز کو لازماً ہرا کر دیگر نتائج پر انحصار کرنا پڑے گا۔ گروپ بی سے ہندوستان اس سے قبل دو میچز کھیل چکا تھا۔ پہلے میچ میں انھوں نے بنگلہ دیش کو شکست دی تھی جبکہ دوسرے میچ میں انھیں پاکستان کے مقابل D/L سسٹم کے تحت 2 رنز سے شکست ہوئی تھی۔ دوسری جانب انگلینڈ کی ٹیم نے اب تک ایک ہی میچ کھیلا تھا جس میں وہ فاتح رہی تھی۔ اس وقت گروپ بی میں بنگلہ دیش واحد ٹیم ہے جس نے تین میچ کھیلے ہیں اور اسے تینوں میں ہار کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ گروپ بی میں پوائنٹس ٹیبل پر ویسٹ انڈیز کی خواتین ٹیم پہلے، انڈیا دوسرے، انگلینڈ تیسرے اور پاکستان کی ویمنس ٹیم چوتھے نمبر پر ہے۔

TOPPOPULARRECENT