Monday , November 20 2017
Home / کھیل کی خبریں / ویمنس ٹیم کو تہنیت، ہر سہولت فراہم کرنے کا تیقن

ویمنس ٹیم کو تہنیت، ہر سہولت فراہم کرنے کا تیقن

نئی دہلی 27 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) آئی سی سی ویمنس ورلڈکپ 2017 میں شاندار مظاہرہ کرنے والی ہندوستانی ٹیم کو آج یہاں وزیر اسپورٹس وجئے گوئل کی جانب سے تہنیت پیش کی گئی۔ اس موقع پر وزیر اسپورٹس نے کہاکہ ہماری ویمنس ٹیم نے ٹورنمنٹ میں نہ صرف قابل ستائش مظاہرے کئے ہیں بلکہ ہندوستان میں انھوں نے کئی افراد کو متاثر کیا ہے کہ وہ اسپورٹس کو اپنا کیرئیر بنائیں۔ گوئل نے مزید کہاکہ ہندوستانی ٹیم کو فائنل میں انگلش ٹیم کے خلاف بھلے ہی قریبی شکست برداشت کرنی پڑی لیکن ان کے مظاہروں نے کروڑہا دل جیتے ہیں۔ ٹیم کی کھلاڑیوں کا یہاں خیرمقدم کرتے ہوئے وزیر اسپورٹس نے کہاکہ اِس ٹیم نے کروڑہا نوجوانوں کو متاثر کیا ہے اور خاص کر نوجوان لڑکیوں کو یہ راہ دکھائی ہے کہ وہ اسپورٹس میں اپنا کیرئیر ڈھونڈیں۔ ریو اولمپکس سے لے کر پیرا اولمپکس میں ہاکی، ریسلنگ، بیاڈمنٹن کے بعد اب ویمنس ٹیم نے کرکٹ ورلڈ کپ میں ہندوستان کے لئے ایک یادگار مظاہرہ کرتے ہوئے ایک نئے عہد کا آغاز کیا ہے۔ وزیر اسپورٹس کے بموجب ٹیم کے یہ مظاہرے فیفا انڈر 17 ورلڈکپ میں ہندوستانی نوجوان فٹبال ٹیم کو بھی ایک نئی راہ دکھائیں گے۔ انھوں نے حکومت کی جانب سے کھلاڑیوں کو ہر قسم کی سہولت فراہم کرنے کا تیقن بھی دیا۔ اِس موقع پر ہندوستانی کرکٹ ٹیم کی کپتان میتھالی راج نے ورلڈ کپ تجربات بیان کرتے ہوئے کہاکہ وہ تمام کھلاڑیوں سے اظہار تشکر کرنے کے علاوہ اُن کے مظاہروں سے مطمئن بھی ہیں اور وہ ساتھی کھلاڑیوں کے مظاہروں کی ستائش بھی کرتی ہیں۔ اِس موقع پر اسٹار کھلاڑی ہرمن پریت کور اور پونم راوت توجہ کا مرکز تھیں ۔ یاد رہے گزشتہ روز ممبئی میں ویمنس ٹیم کی آمد پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT