Saturday , December 16 2017
Home / کھیل کی خبریں / ویمنس کرکٹ ٹیموں کیلئے بھی آئی پی ایل سیریز پر زور

ویمنس کرکٹ ٹیموں کیلئے بھی آئی پی ایل سیریز پر زور

خاتون کرکٹرس کی ثانیہ اور سائنا جیسی مقبولیت کیلئے لائیو ٹیلی کاسٹ ضروری : متالی راج
نئی دہلی۔ 6 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ویمنس کرکٹ ٹیم کی کپتان متالی راج نے اپنے اس احساس کا اظہار کیا ہے کہ مسلسل بہتری کے راستہ پر گامزن ہندوستانی خاتون کرکٹ کھلاڑیوں کو بھی عالمی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا اور شٹل کوئن سائنا نہوال کی طرح مشہور و معروف ہونے کا موقع فراہم کیا جانا چاہئے۔ اس کے لئے (خاتون کرکٹرس) کے میچوں کا باقاعدہ لائیو ٹیلی کاسٹ کیا جانا چاہئے۔ ہندوستانی ویمنس ٹیم نے حالیہ عرصہ کے دوران بہتری پیدا کی۔ جنوری کے دوران آسٹریلیا میں کھیلی گئی ٹی۔ 20 سیریز میں تاریخی فتح کے بعد وطن میں بھی اپنا متاثرکن فارم برقرار رکھتے ہوئے سری لنکا کی ویمنس ٹیم کو ونڈے انٹرنیشنل اور ٹی۔ 20 سیریز میں وائٹ واش کیلئے مجبور کردیا گیا۔ اس سوال پر کہ آیا ہندوستانی خاتون کرکٹرس بھی ثانیہ مرزا اور سائنا نہوال جیسی مقبولیت حاصل کرنے کی اُمید کرسکتی ہیں؟ متالی راج نے جواب دیا کہ ایسا ہونا چاہئے اور یہ اسی وقت ممکن ہوگا جب ہمارے میچس ٹیلی کاسٹ کئے جائیں جس سے انفرادی خاتون کرکٹ کھلاڑیوں کو کئی برانڈس اور کارپوریٹ اسپانسرشپ حاصل ہوں گے۔ اگر صرف چند میچس کا لائیو ٹیلی کاسٹ کیا جائے تو اس کے نتائج برآمد نہیں ہوں گے۔ آسٹریلیا کی سیریز کے بعد سری لنکا کے خلاف کھیلی گئی سیریز کے کسی بھی میچ لائیو ٹیلی کاسٹ نہیں کیا گیا حالانکہ ہم نے کھیل میں زبردست بہتری پیدا کی ہے لیکن ہمارے حالات میں بہتری نہیں ہوئی ہے‘‘۔ متالی نے کہا کہ آئندہ ورلڈ ٹی ۔20 مقابلے ہندوستانی ویمنس کرکٹرس کے فروغ کیلئے ایک بہتر موقع ثابت ہوں گے۔ ’’ای ایس پی این کرکٹ اِنفو‘‘ نے متالی کے حوالے سے کہا کہ ’’چونکہ ہم آسٹریلیا اور سری لنکا کے خلاف بہت خوب مظاہرہ کرچکے ہیں چنانچہ ہمارے بارے میں شائقین کی توقعات میں اضافہ ہوا ہے اور یہ بھی اہم ہے کہ ہندوستانی خاتون کرکٹرس کے فروغ کیلئے اس موقع سے استفادہ کریں، کیونکہ یہ بہترین موقع ہوگا‘‘۔ متالی نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ بی سی سی آئی کی جانب سے ویمنس کرکٹرس کو بھی ’’بگ بیاش‘‘ کی طرح ٹی۔ 20 ٹورنمنٹس کھیلنے کی اجازت دی جائے‘‘۔ متالی نے اپنی ساتھی خاتون کرکٹرس سمرتی مہانندا ، ہرمن پریت کور اور ویدا کرشنا مورتی کی بھی خوب ستائش کی۔

TOPPOPULARRECENT