Thursday , November 23 2017
Home / شہر کی خبریں / ویٹنگ لسٹ کے عازمین حج کی کل ممبئی سے سعودی عرب روانگی

ویٹنگ لسٹ کے عازمین حج کی کل ممبئی سے سعودی عرب روانگی

حیدرآبادی رباط میں موثر انتظامات ، پروفیسر ایس اے شکور
حیدرآباد۔24 اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے ویٹنگ لسٹ کے 43 عازمین حج 26 اگست کو ممبئی سے سعودی عرب کے لیے روانہ ہوں گے۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ 43 عازمین میں سے 4 بذریعہ طیارہ اپنے خرچ پر ممبئی روانہ ہورہے ہیں جبکہ 39 عازمین کے لیے دو خصوصی ایرکنڈیشنڈ بسوں کا انتظام کیا جارہا ہے۔ ان کی روانگی بعد نماز جمعہ حج ہائوز سے عمل میں آئے گی۔ مذکورہ تمام عازمین کی رپورٹنگ کی کارروائی حج کمیٹی کی جانب سے مکمل کردی گئی ہے اور یہ عازمین ممبئی پہنچنے کے بعد حج ہائوز میں قیام کریں گے اور وہیں سے احرام باندھ کر ایرپورٹ کے لیے روانہ ہوجائیں گے۔ 3 بجے سہ پہر سعودی عرب کی فلائٹ سے وہ پرواز کریں گے۔ اس فلائٹ میں مہاراشٹرا کے عازمین حج بھی شامل ہوں گے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ ویٹنگ لسٹ کے عازمین کی روانگی کے بعد تلنگانہ کے عازمین کی روانگی کا عمل مکمل ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مکہ مکرمہ کی حیدرآبادی رباط میں مقیم عازمین نے ناظر رباط کی جانب سے موثر انتظامات کی اطلاع دی ہے۔ ناظر نے اپنی راست نگرانی میں کھانے کا انتظام کیا ہے۔ خادم الحجاج کے مطابق سوائے دو خاتون عازمین کے تمام عازمین خیریت سے ہیں۔ دو خاتون عازمین حرم میں طواف کے دوران گرنے سے معمولی زخم ہوگئے جن کی مرہم پٹی کردی گئی۔ خادم الحجاج کو عازمین حج کی خدمات کے سلسلہ میں سختی کے ساتھ پابند کیا گیا۔

TOPPOPULARRECENT