Tuesday , December 12 2017
Home / سیاسیات / وی کے سنگھ پر اپوزیشن کی شدید تنقید ، کانگریس کا واک آؤٹ

وی کے سنگھ پر اپوزیشن کی شدید تنقید ، کانگریس کا واک آؤٹ

نئی دہلی۔ 2 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام)مرکزی وزیر وی کے سنگھ کو آج لوک سبھا میں اپوزیشن کی شدید تنقیدوں کا سامنا کرنا پڑا اور اُن سے متنازعہ ریمارک پر معذرت خواہی کا مطالبہ کرتے ہوئے ایوان سے واک آؤٹ کردیا۔ترنمول کانگریس اور بائیں بازو جماعتوں نے بھی اس مسئلہ پر ایوان سے واک آؤٹ کیا ۔ بائیں بازو جماعتوں نے وی کے سنگھ کے خلاف کارروائی پر زور دیا جبکہ ترنمول کانگریس ان سے معذرت خواہی کا مطالبہ کررہی تھی ۔ آج صبح جیسے ہی ایوان کی کارروائی شروع ہوئی، کانگریس نے یہ مسئلہ اُٹھانے کی کوشش کی لیکن اسپیکر سمترا مہاجن نے کہا کہ وہ وقفہ سوالات کو معطل کرنے کی تمام نوٹسیں نامنظور کرتی ہیں۔ اس کے بعد کانگریس ارکان حکومت کے خلاف نعرہ لگاتے ہوئے ایوان کے وسط میں پہنچ گئے۔ پارٹی لیڈر ملکارجن کھرگے نے کہا کہ عدم رواداری پر مباحث کے دوران حکومت نے وی کے سنگھ کے دلتوں کے بارے میں ریمارک کا ذکر بھی نہیں کیا۔ انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی سے جاننا چاہا کہ وہ وی کے سنگھ کے خلاف کیا کارروائی کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ وقفہ سوالات کے بعد کانگریس نے پھر یہ مسئلہ اٹھایا اور کہا کہ ہمیں حکومت کے رویہ پر شدید اعتراض ہے۔ جب اسپیکر نے یہ مسئلہ اٹھانے کی اجازت نہیں دی تب کھرگے دیگر پارٹی ارکان کے ساتھ ایوان سے باہر نکل گئے۔ اسپیکر سمترا مہاجن نے کہا کہ وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کل اس معاملے پر تفصیلی جواب دے چکے ہیں اور کانگریس ارکان اس وقت موجود نہیں تھے۔

TOPPOPULARRECENT