Tuesday , April 24 2018
Home / کھیل کی خبریں / و 20ویں گرینڈ سلام کے ایورسٹ پر فیڈرر

و 20ویں گرینڈ سلام کے ایورسٹ پر فیڈرر

فیڈرر کا چھٹا آسٹریلین اوپن اور 20 واں گرانڈ سلام ٹائٹل
میلبورن، 28 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) گرینڈ سلام خطاب کے بے تاج بادشاہ سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر نے کروشیا کے مارن سلچ کے چیلنج پر اتوار کو 6۔2 ،6۔7 ،6۔3 ،3۔6 ،6۔1 سے قابو پاتے ہوئے آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں اپنا خطاب برقرار رکھا۔فیڈرر کا یہ ریکارڈ چھٹا آسٹریلین اوپن اور 20 واں گرینڈ سلام ٹائٹل ہے ۔36 سالہ فیڈرر نے یہ مقابلہ تین گھنٹے 19 منٹ میں جیتا۔فیڈرر نے اس جیت سے رائے ایمرسن اور نوواک جوکووچ کے سب سے زیادہ چھ۔چھ بار آسٹریلین اوپن ٹائٹل جیتنے کا ریکارڈ برابر بھی کر لیا ہے ۔انہوں نے اس کے ساتھ ہی راڈ لیور کے 30 سال کی عمر کے بعد چار گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتنے کے ریکارڈ بھی برابر کر لی ہے ۔راڈ لیور ایرینا چھت کے نیچے کھیلے گئے فائنل میں فیڈرر نے پہلا سیٹ صرف 24 منٹ میں جیت لیا۔سلچ نے دوسرے سیٹ کا ٹائی بریک 7۔5 سے جیت کر میچ میں برابری کر لی۔سوئس ماسٹر نے تیسرا سیٹ 6۔3 سے جیتا لیکن چوتھا سیٹ 3۔6 سے گنوا بھی دیا۔اس کے بعد فیڈرر نے اپنا تمام تجربہ بروئے کار لاتے ہوئے فیصلہ کن سیٹ 6۔1 سے نمٹا دیا۔تین گھنٹے سے زیادہ وقت تک چلے مقابلے میں دوسری سیڈ فیڈرر نے 24 ایس اور 41 ونرس لگائے جبکہ چھٹے سیڈ سلچ نے 16 ایس اور 45 ونرس لگائے ۔فیڈرر نے 13 بار میں سے چھ بار سلچ کی سروس توڑی جبکہ کروشین کھلاڑی نے چمپئن کی نو مواقع میں دو بار سروس توڑی۔فیڈرر اپنی سروس پر پوائنٹس جیتنے کی صورت میں سلچ پر بھاری پڑے ۔انہوں نے پہلی سروس پر 79 فیصد اور دوسری سروس پر 58 فیصد پوائنٹس حاصل کئے ۔ سلچ کے لئے یہ ہندسے 69 اور 50 رہے ۔فیڈرر نے فیصلہ کن سیٹ میں دو بار سلچ کی سروس توڑ کر ان کی جدو جہد کو ختم کر دیا۔سوئس ماسٹر نے 2004، 2006، 2007، 2010، 2017، 2018 میں چھ بار آسٹریلین اوپن، 2009 میں ایک بار فرانسیسی اوپن، 2003، 2004، 2005، 2006، 2007، 2009، 2012، 2017 میں آٹھ بار ومبلڈن اور 2004، 2005، 2006، 2007، 2008 میں پانچ بار یو ایس اوپن کے خطاب جیتے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT