Friday , April 20 2018
Home / شہر کی خبریں / ٓآندھراپردیش سے

ٓآندھراپردیش سے

تلگودیشم حکومت میں فراہم کردہ ملازمتوں پر
وائیٹ پیپرجاری کرنے کا مطالبہ
ہر گھر کے ایک فرد کو ملازمت فراہم کرنے کا وعدہ وفا نہ ہوسکا‘ وائی ایس آر کانگریس کا استفسار
حیدرآباد ۔ 15نومبر ( سیاست نیوز) وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے تلگودیشم حکومت کے دوران فراہم کی گئی ملازمتوں پر وائیٹ پیپر جاری کرنے کا چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو سے مطالبہ کیا ۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے ترجمان پارتا سارتھی نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو نے انتخابی منشور میں ریاست کے ہر گھر کو ایک ملازمت فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا ۔ ساڑھے تین سالہ دور حکومت میں کتنے افرادکو ملازمتیں فراہم کی گئی ہیں اس پر وائیٹ پیپر جاری کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ وظیفہ ملازمین کا بنیادی حق ہے ۔ ملازمین تنخواہوں میں اضافہ کرنے کا مطالبہ نہیں کررہے ہیں بلکہ وظیفہ دینے کا مطالبہ کررہے ہیں لیکن تلگودیشم حکومت اس پر کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے ۔ ملازمین کو حکومت نظرانداز کررہی ہے ۔ پارتا سارتھی نے کہا کہ چیف منسٹر عوامی اور ملازمین کے مفادات کو نظرانداز کرتے ہوئے ابتداء سے کارپوریٹ سیکٹر کو فروغ دے رہے ہیں ۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو اقتدار حاصل نے پر وظیفہ اسکیم پر دوبارہ عمل آوری کی جائے گی ۔ ملازمین کے مفادات کا بھرپور خیال رکھا جائے گا ۔ سرکاری محکمہ جات میں مخلوعہ 40ہزار سے زائد جائیدادوں پر تقررات کئے جائیں گے ۔

این محمد فاروق آندھراپردیش قانون ساز کونسل کیلئے چیرمین منتخب
بلامقابلہ انتخاب کا اعلان ‘ چیف منسٹرچندرا بابو نائیڈو کے وعدے کی تکمیل
حیدرآباد ۔15 نومبر ( سیاست نیوز) سابق ریاستی وزیرمتحدہ آندھراپردیش این محمد فاروق آج آندھراپردیش قانون ساز کونسل کیلئے بلامقابلہ صدرنشین منتخب ہوگئے اور اپنی ذمہ داری بھی سنبھال لی ۔ واضح رہے کہ نندیال اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخابات میں سربراہ تلگودیشم و چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے مسلم قائد کو کونسل کا صدرنشین نامزد کرنے کا وعدہ کیا تھا اور انہوں نے این محمد فاروق کو صدرنشین کونسل کیلئے امیدوار بنا دیا ۔ تلگودیشم قائدین کے ساتھ این محمد فاروق نے پرچہ نامزدگی داخل کی ‘ صرف ایک ہی پرچہ نامزدگی داخل ہونے پر انہیں بلامقابلہ صدرنشین منتخب کرلیا گیا ۔ اس موقع پر وزراء اور ارکان اسمبلی نے انہیں مبارکباد پیش کی ۔ واضح رہے کہ تلگودیشم پارٹی کی تشکیل کے بعد این محمد فاروق 1983ء میں پہلی مرتبہ نندیال میونسپل کیلئے نائب صدرنشین منتخب ہوئے تھے ۔ 1985-88ء اور 1999-2004ء کے دوران بحیثیت وزیر خدمات انجام دے چکے ہیں ۔ آندھراپردیش کابینہ میں مسلم چہرہ نہ ہونے پر چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے انہیں کونسل کا صدرنشین نامزد کیا ہے اس کے علاوہ صدر تلگودیشم پارٹی و چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو نے پی کیشو کو کونسل میں گورنمنٹ چیف وہپ ڈی مانکیا ورا پرساد ‘ بی وینکنا ‘ رام سبا ریڈی اور محمد شریف کو گورنمنٹ وہپس نامزد کیا ہے ۔ این محمد فاروق نے انہیں کونسل کا صدرنشین نامزد کرنے پر چیف منسٹر سے اظہار تشکر کرتے ہوئے انہیں جو ذمہ داری دی گئی ہے اس کو بخوبی نبھانے کے عزم کا اظہار کیا ہے ۔

انفارمیشن ٹکنالوجی اور الکٹرانکس کے میدان میں 2لاکھ افراد کو ملازمتیں
194آئی ٹی کمپنیوں کا قیام ‘ وزیر آئی ٹی و پنچایت راج اے پی نارا لوکیش کا بیان
حیدرآباد ۔ 15 نومبر ( سیاست نیوز) وزیر آئی و پنچایت راج آندھراپردیش نارا لوکیش نے بتایا کہ انفارمیشن ٹکنالوجی میں ایک لاکھ اور الکٹرانکس میں 2لاکھ افراد کو ملازمت فراہم کی جائے گی ۔ ملک میں تیار ہونے والے ہر 10موبائیل فونس میں 2سیل فون آندھراپردیشمیں تیار ہورہے ہیں ‘ ان کی تعداد کو بڑھاکر 5کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ریاست کے آئی ٹی شعبہ میں اگر 10 ملازمتیں ہیں تو 6ملازمتیں وشاکھاپٹنم کو ‘ 2 امراوتی کو اور 2رائلسیما کو دی جارہی ہیں ۔ اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران ملازمتوں کی فراہمی کے معاملہ میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیرنے کہا کہ 2014 سے ابھی تک آندھراپردیش میں 194 آئی ٹی کمپنیاں قائم ہوئی ہیں ۔ 12,274 افراد کو راست اور 36,822افراد بالواسطہ ملازمتیں فراہم ہوئی ہیں ۔ آئی ٹی کو فروغ دینے کیلئے حکومت کی جانب سے بڑے پیمانہ پر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ 408 معاہدوں پر دستخط کرتے ہوئے ریاست میں 14,788کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں جس سے 13,80,000 افراد کو روزگار کے مواقع دستیاب ہوں گے ۔ ملینیم ٹاورس کا نومبر کے اوآخر تک چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو کے ہاتھوں افتتاح کیا جارہا ہے ۔ 2019ء تک آندھراپردیش میں آئی ٹی میں ایک لاکھ اور الکٹرانکس میں 2لاکھ ملازمتیں فراہم کرنے کا نشانہ مختص کرتے ہوئے کام کیا جارہا ہے ۔ 2014ء تک ملک میں تیار ہونے 10سیل فون تیار ہورہے ہیں بہت جلد اس کی تعداد بڑھاکر 5کردی جائے گی ۔

TOPPOPULARRECENT